برہان وانی کی برسی پر بھارتی فورسز حواس باختہ،مزار اور گھر کا بھی محاصرہ ،کرفیو نافذ

390

سرینگر/مظفرآباد/اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک+نمائندہ جسارت) مقبوضہ کشمیر میں برہان مظفروانی کی تیسری برسی کے موقع پربھارتی فورسز حواس باختہ ہوگئیں‘پوری وادی میں کرفیو نافذ کرتے ہوئے شہید کے مزار اور گھر کا بھی محاصرہ کرلیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق تحریک آزادی کے ہیرو برہان وانی شہید کی برسی کے موقع پر وادی میں بھارتی فوج پر خوف طاری رہا۔ برہان وانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے حریت قیادت نے ہڑتال اور مظاہروں کی کال دی جس کے بعد قابض بھارتی سیکورٹی فورسز نے کرفیو نافذ کر دیا۔ وادی بھر میں شہید برہان وانی کی تصاویر اور ہزاروں کی تعداد میں پوسٹر لگائے گئے ۔بھارتی فوج نے اپنے کے خلاف احتجاج روکنے کے لیے وادی کو فوجی چھاؤنی میں تبدیل کردیا جبکہ بوکھلاہٹ کا شکار بھارتی فورسز نے پوسٹر لگانے کے الزام میں 2نوجوانوں کو حراست میں لے لیا ۔ مقبوضہ وادی میں بھاری تعداد میں پولیس اور فوج کی نفری تعینات رہی جبکہ اسلام آباد، پلوامہ، کلگام اور شوپیاں میں سوشل میڈیا کو کنٹرول کرنے کے لیے انٹرنیٹ سروس بند رہی ، قابض انتظامیہ نے شہید کے آبائی علاقے  ترال میں واقع شریف آباد کے قبرستان کو بھی سیل کیا جبکہ گھر کی طرف جانے والے راستوں کو بھی کنٹینر لگا کر بند کردیاگیا۔دوسری طرف آزاد کشمیر میں برہان وانی کی برسی کے موقع پر ریلیاں نکالی گئی اور شہید کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ یہ ریلیاں اسلام آباد میں ڈی چوک میں بھی نکالی گئی۔ آزاد کشمیر میں سب سے بڑی ریلیاں مظفر آباد، کوٹلی سمیت دیگر علاقوں میں نکالی گئی، ان ریلیوں میں بزرگ سمیت بڑی تعداد میں نوجوانوں نے شرکت کی جنہیں نے سفید رنگ کی شرٹس پہنی تھی جس پر شہید برہان وانی کی تصویریں بنی ہوئیں تھیں، اس دوران پاکستانی جھنڈے لہرائے گئے اور کشمیر بنے گا پاکستان کے بلند شگاف نعرے لگائے۔آزاد کشمیر کے وزیراعظم راجا فاروق حیدر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 3سال قبل برہان وانی کی شہادت نے تحریک آزادی کو ایک نیا موڑ دیا، شہید نوجوانوں کا رول ماڈل بن چکا۔ جلد کشمیر میں پاکستانی جھنڈا لہرائے گا۔
برہان وانی