ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کو 10 ارب ڈالر فراہم کریگا

228

اسلام آباد (اے پی پی) ایشیائی ترقیاتی بینک 5 سال کے دوران ترقیاتی منصوبوں کے لیے پاکستان کو 10 ارب ڈالر فراہم کرے گا۔ اے ڈی بی کی جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق پاکستان میں اصلاحات اور ترقی کے پروگرامز کے لیے 2019-20ء کے دوران 2.1 ارب ڈالر فراہم کرے گا جبکہ ان منصوبوں کے لیے مجموعی مالی معاونت کا تخمینہ 3.4 ارب ڈالر لگایا گیا ہے، ایشیائی ترقیاتی بینک سرکاری شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے بھی رقم فراہم کرے گا ۔ دوران مذکرات ایشیائی ترقیاتی بینک کو پاکستان میں 2020-24ء کے دوران اشتراک کار میں اضافے کے حوالے سے رہنمائی ملی۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پیٹرولیم ڈویژن ندیم بابر نے بینک حکام کے ساتھ توانائی کے شعبے میں اصلاحات پر عملدر آمد کے سلسلے میں مذاکرات کیے۔ سیکرٹری اقتصادی امور نور احمد، اے ڈی بی کے سینئر ایڈوائزر برائے وسطی و مغربی ایشیاء محمد احسان خان، اے ڈی بی کی کنٹری ڈائریکٹر برائے پاکستان مس ژیائو ہانگ یانگ اور اے ڈی بی کے ڈائریکٹر برائے علاقائی تعاون اینڈ آپریشن صفدر پرویز نے بھی باہمی ملاقاتوں کے دوران پاکستانی معیشت کے حوالے سے ترجیحات کے تعین اور سی پی ایس کی تشکیل پر تبادلہ خیال کیا۔پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کی حکومتوں کے نمائندوں نے بھی بینک حکام کے ساتھ اپنے ترقیاتی پروگرامز اور معاشی ترقی کی حکمت عملی پر خصوصیات پر مذاکرات کیے۔ اس موقع پر ندیم بابر نے کہا کہ پروگرام کے آئندہ مرحلے میں مختلف شراکت داروں کے ساتھ مزید تفصیلات طے کی جائیں گی جس سے مقامی حکومتوں، تعلیمی اداروں سمیت دیگر شراکت داروں اور صوبائی حکومتوں کی معاونت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مشاورت کے عمل میں سول سوسائٹی، نجی شعبے سمیت دیگر ترقیاتی شراکت داروں سے بھی تفصیلی مشاورت کی جائے گی۔