زرداری کے پروڈکشن آرڈر رو ک دیے ،سعد رفیق کا معاملہ بھی موخر

157

اسلام آباد(صباح نیوز)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے آبی وسائل کے اجلاس کے لیے سابق صدر آصف علی زرداری کے پروڈکشن آرڈر رکوا دیئے گئے ہیں۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے آبی وسائل کا اجلاس 10 اور 11 جولائی کو طلب کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہناہے کہ چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے آبی وسائل نواب یوسف تالپور نے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کی سمری پر دستخط کیے مگر اسمبلی سیکرٹریٹ نے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کی بجائے معاملہ وزارت قانون کو بھجوا دیا۔ذرائع کے مطابق متعلقہ افسران کو پروڈکشن آرڈر فوری جاری نہ کرنے کی ہدایات اسپیکر آفس سے جاری ہوئیں۔ آصف زرداری کے ساتھ ساتھ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر کا معاملہ بھی موخر کر دیا گیاہے ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پروڈکشن آرڈر جاری نہ کرنے کے لیے مذکورہ ارکان کی سیاسی سرگرمیوں کو جواز بنایا گیا۔ پروڈکشن آرڈر کی سمری پر متعلقہ حکام کی طرف سے لکھا گیاہے کہ مذکورہ ارکان پارلیمنٹ میں آ کر سیاست کرتے ہیں۔چیئرمین قائمہ کمیٹی نواب یوسف تالپور نے اسمبلی سیکرٹریٹ حکام سے احتجاج کیاہے ۔ انہوں نے موقف اختیار کیاہے کہ رولز کے مطابق پروڈکشن آرڈر جاری کرنے میں چیئرمین قائمہ کمیٹی بااختیار ہے۔