صدر کے دورے سے خزانے کو 5کروڑ کا نقصان ہوا ،ترجمان گلگت بلتستان

168

گلگت بلتستان(آن لائن)گلگت بلتستان کی حکومت کا کہنا ہے کہ صدر مملکت عارف علوی کے دورے سے قومی خزانے کو 5 پانچ کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔مشیر اطلاعات گلگت بلتستان شمس میر نے میڈیا سے بات چیت کے بعد تحریری موقف میں کہا کہ صدر پاکستان گلگت بلتستان کے 6 روزہ نجی دورے پر آئے اور یہاں کے مسائل پر خاموشی اختیار کر کے چلے گئے۔انہوں نے کہا کہ عارف علوی کی سیر و تفریح پر قومی خزانے کے 5 کروڑ خرچ کیے گئے جو وفاقی حکومت کے پیدا کردہ مالی بحران میں قوم کے ساتھ بہت بڑا ظلم ہے۔شمس میر نے کہا کہ اگر صدر مملکت اس بھاری خرچے کے بعد بھی علاقائی ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی اور دیگر سنگین مسائل کے حل میں کوئی کردار ادا کر تے تو زیادہ افسوس نہ ہوتا۔مشیر اطلاعات شمس میر نے دیامیر بھاشا ڈیم کی تعمیر کے لیے جمع اربوں کی رقم کو وفاقی حکومت کی طرف سے اپنے ارکان اسمبلی کو دیے جانے کو قوم کے ساتھ دھوکا قرار دیا اور کہا کہ ڈیم کی قومی امانتوں کو اپنے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنا بدترین خیانت ہے۔خیال رہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جون میں گلگت بلتستان کا دورہ کیا تھا۔گلگت پہنچنے پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا استقبال گورنر راجہ جلال حسین مقپون اور وزیر اعلیٰ حافظ حفیظ الرحمن سمیت اعلی سول و عسکری حکام نے کیا تھا۔دورے کے دوران صدر مملکت نے ہنزہ میں بین الاقوامی ایکو ٹوورازم کانفرنس سے خطاب کیا تھا اور کہا کہ علاقے کی خوبصورتی کو برقرار رکھنے کے لیے ایکو ٹورزم کے فروغ کے لیے کوشش کی جائیں۔