دادو (نمائندہ جسارت) ایس ایس پی دادو کی ہدایات پر پولیس کی ضلع بھر میں جرائم کیخلاف کارروائیاں تیز کردی گئیں، 11 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، قتل کیس کے مطلوب ملزم سمیت دو اشتہاری ملزمان، 7 منشیات فروش اور دو ملزمان غیرقانونی اسلحے سمیت گرفتار کرلیے گئے۔ ایس ایس پی دادو ڈاکٹر فرخ رضا کی ہدایات پر پولیس کی ضلع بھر میں جرائم کیخلاف کارروائیاں تیز کردی گئیں، 11 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، قتل کیس کے مطلوب ملزم سمیت دو اشتہاری ملزمان، 7 منشیات فروش اور دو ملزمان غیرقانونی اسلحے سمیت گرفتار کرلیے گئے، تین چھینی ہوئی موٹر سائیکلیں اور ایک موبائل فون سمیت مضر صحت گٹکا، سپاری اور چرس برآمد کرلی گئی۔ ایس ایچ او تھانہ سیتا روڈ مولا بخش پنہور نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے قتل کیس میں اشتہاری ملزم صفر چانڈیو کو گرفتار کرلیا ہے۔ ایس ایچ او امان اللہ چنا کی سربراہی میں جوہی پولیس نے شاندار کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو غیرقانونی اسلحے اور دو چھینی ہوئی موٹر سائیکلوں سمیت گرفتار کرلیا، گرفتار ہونے والوں میں ملزم چنیسر لونڈ اور ملزم رمضان عرف مجبور رودنانی شامل ہیں۔ ملزمان کیخلاف تھانہ جوہی پر مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔ ایس ایچ او تھانہ بی سیکشن دادو منور علی چانڈیو نے کارروائی کرتے ہوئے بی سیکشن تھانے کی حدود سے مختار بوک کی چھینی ہوئی موٹرسائیکل اور موبائل فون برآمد کرلی۔ دوسری جانب ایس ایچ او تھانہ بی سیکشن پولیس نے مضر صحت گٹکہ سپاری کا کاروبار کرنے والے 4 ملزمان کو Z-21 گٹکا سپاری سمیت گرفتار کرکے مقدمات درج کر لیے گئے۔ دادو اے سیکشن پولیس نے ایس ایچ او نور مصطفیٰ پٹھان کی سربراہی میں گٹکا، سپاری فروش 2 ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمات درج کرلیے، ملزم نثار بھنڈ اور سجاد کلہوڑو مضر صحت Z-21 سپاری 600 پکٹ سمیت گرفتار کرلیے گئے۔ تھانہ خدا آباد کے اے ایس آئی منظور علی پنہور نے کارروائی کرتے ہوئے ایک منشیات فروش ملزم غلام نبی خشک کو گرفتار کرلیا، ملزم کے قبضے سے 90 گرام چرس برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔ کے این شاہ پولیس نے مفرور ملزم امتیاز کھونہارو کو گرفتار کرلیا۔