اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ شہباز شریف نیب افسران کودھمکیاں دے کر گئے کہ تمھیں چھوڑوں گا نہیں، آنے والے دنوں میں شریف خاندان کی منی لانڈرنگ کے مزید ثبوت لائیں گے، چند روز قبل ایک وڈیو کی بھی دھمکی دی گئی ہے جس کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔شہزاد اکبر کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ چھانگا مانگا کی سیاست نے اداروں کو تباہ کردیا، عوام نے 30 سالہ نظام کو بدلنے کا تہیہ کیا ہے، ماضی کی غلطیوں کو درست کیے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک لوٹنے والوں کا احتساب ہوگا، ماضی میں ایک دوسرے کو جیلوں میں ڈالنے والے آج ایک ہیں، موجودہ حالات میں بھی ان کی کارستانیاں شامل ہیں۔ انہوںنے کہا کہ ہم نے اداروں کو بااختیار بنایا ہے، اب بلڈنگز میں آگ لگتی ہے نہ ریکارڈ ضائع ہوتا ہے۔ چند روز قبل ایک وڈیو کی دھمکی دی گئی جس کی کوئی قانونی حیثیت نہیں، وڈیو جعلسازی میں سزا پانے والے شخص نے پیش کی، بہتر ہے عدالت عظمیٰ اس کے پیچھے چھپے محرکات دیکھے۔ شہزاد اکبر نے کہا کہ شریف خاندان کے خلاف مزید ثبوت لائیں گے کہ کیسے منی لانڈرنگ کی گئی، آنے والے دنوں میں ان کی بڑی بڑی چوریاں منظر عام پر لائیں گے۔