چترال (جسارت نیوز ) شندور میلہ ضلع چترال میں شروع ہو گیا ،میلہ تین روز جاری رہے گا،فرنٹیئر کور خیبرپختونخوا کے انسپکٹر جنرل میجر جنرل راحت نسیم خان نے میلے کا افتتاح کیا ۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وادی شندور میں ایسے بڑے پولو میلے کا انعقاد اس بات کا مظہر ہے کہ ملک میں امن بحال ہوچکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پولو میلے کا اہتمام ایک مشکل کام تھا تاہم سیکورٹی فورسز اور ضلعی انتظامیہ نے اسے ممکن بنادیا ۔انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور نے کہاکہ پاکستانی قوم بے پناہ صلاحیتوں سے مالا مال ہے جنھیں ملک کی ترقی وخوشحالی کیلئے استعمال کیاجائے گا ۔انہوں نے میلے میں تفریحی سرگرمیوں کا انتظام کرنے پر خیبرپختونخوا کے محکمہ سیاہت ، گلگت بلتستان اور چترال کی صلعی انتظامیہ کی کوششوں کوسراہا ۔پیراگلائیڈنگ ، کھانے پینے کے اسٹال اور روایتی رقص سمیت مختلف رنگا رنگ پروگرام میلے کا حصہ ہیں۔ بیس ہزار سے زائد سیاح میلے کے پہلے دن روایتی پولو ٹورنامنٹ سے لطف اندوز ہونے کیلئے علاقے میں پہنچے ہیں ۔ادھر میلے کے افتتاحی روز پولو کے ایک میچ میں غذر نے لاسپور کو سات کے مقابلے میں آٹھ گول سے ہرادیا ۔خیبرپختونخوا کے وزیراعلی محمود خان اس موقع پر مہمان خصوصی تھے ۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت صوبے میں کھیلوں اور دوسری صحت افزا سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے پرعزم ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس مقصد کیلئے اربوں روپے مختص کیے گئے ہیں۔وزیراعلی نے چترال کی ضلعی انتظامیہ اور خیبرپختونخوا کے محکمہ سیاحت کی طرف سے شندور میں سیاحوں کو سہولیات کی فراہمی اور انتظامات پراطمینان کا اظہار کیا ۔انہوں نے لانگ جمپ اور پیراگلائیڈنگ کے مقابلے بھی دیکھے ۔دریں اثنا خیبرپختونخوا کے سیاحت اور امور نوجوانان کے وزیر محمد عاطف خان نے کہاہے کہ شندور پولو میلہ دنیا کا منفرد میلہ ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ میلہ پاکستان کے شمالی علاقوں میں مزید غیرملکی سیاحوں کو راغب کرے گا ۔صوبائی وزیر نے کہاکہ شندور میلہ ملک میں سیاحت کے فروغ کے حوالے سے دہشت گردی سے متاثرہ پاکستان کا عالمی تاثر تبدیل کردے گا ۔محمد عاطف خان نے سیاحت کے شعبے کی ترقی کیلئے نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ ملازمتوں کی فراہمی کے علاوہ قومی معیشت مستحکم کرنے کی ضرورت پرزوردیا ۔