اسلام آباد(آن لائن) ایشیائی ترقیاتی بینک نے ایک رپورٹ میں انکشاف کیاہے کہ پشاور میٹرو منصوبہ (بی آر ٹی) میں ناقص معیار کا میٹریل استعمال کیا ہے جو کسی حادثے کا باعث بن سکتا ہے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک نے اپنی تحقیقات میں انکشاف کیاہے ۔ایشیائی بینک جس نے اس منصوبے کیلیے فنڈنگ فراہم کی ہے کی تکنیکی ٹیم نے مارچ 2019ء میں منصوبے کی سائٹ کا معائنہ کرکے یہ رپورٹ مرتب کی ہے۔ دستاویزات کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک نے خبردار کیا ہے کہ بی آر ٹی کی بسیں روٹ کے اسٹیشن نمبر 10، 12، 15 اور 26 پر آپس میں ٹکرا سکتی ہیں کیونکہ لین کی چوڑائی کم از کم معیار 6.5 میٹر سے بھی کم ہے۔رپورٹ کے مطابق بی آر ٹی کے اسٹیشنز پر بسیں کھڑی کرنے کا مناسب انتظام نہیں ہے جس سے مسافروں کو نقصان پہنچ سکتا ہے، اسٹیشنز پر نصب ٹائلز پھسلنے والی ہیں اور پیلے رنگ کی تیر کے نشان والی ٹائلز نہیں لگائی گئیں۔ منصوبے پر کام کے دوران مناسب نگرانی بھی نہیں کی گئی۔ایشیائی بینک نے منصوبے کے ڈیزائن میں تبدیلی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ بڑی خرابیوں کو دور کیا جاسکے، اس اقدام سے منصوبہ مزید تاخیر کا شکار ہو سکتا ہے۔ اے ڈی بی نے عمل درآمد کے مرحلے میں منصوبے کے تفصیلی ڈیزائن میں 22 اہم خرابیوں کی نشاندہی کی ہے جس سے نہ صرف منصوبے کا معیار متاثر ہو گا بلکہ مسافروں کے زخمی ہونے کا بھی خدشہ ہے۔