پاکستان کے وفاقی وزیر برائے مذہبی انور نور الحق قادری نے رواں برس سعودی حکومت کے ساتھ ’’روڈ ٹو مکہ‘‘ منصوبے کا معاہدہ کیا تھا، جس کے تحت حجاز مقدس کی جانب سفر کرنے والے عازمین حج کے لیے انتظامات اور سہولیات کی فراہمی کا دائرہ وسیع کیا گیا ہے۔
روڈ ٹو مکہ منصوبے کے تحت پی آئی اے کی پہلی پرواز 442 عازمین حج کو لے کر گزشتہ دنوں مدینہ منورہ پہنچی۔ اس موقع پر پرنس محمد بن عبدالعزیز ائرپورٹ پر روڈ ٹو مکہ کے تحت آنے والے حجاج کے استقبال کے لیے بہترین اور مثالی انتظامات کیے گئے تھے۔ اس موقع پر عازمین کے لیے علاحدہ جگہ مختص کی گئی تھی تاکہ انہیں ماضی کی طرح انتظار کی زحمت نہ اٹھانی پڑے۔ مہمانوں کو ہوائی اڈے آمد کے ساتھ ہی امیگریشن کے پرانے طریقوں کے بغیر داخلی مسافروں کی طرح فوری طور پرمقدس شہروں میں ان کی رہائش گاہوں کے لیے بسوں میں سوار کرکے روانہ کردیا گیا۔
سفیر پاکستان راجا علی اعجاز، ڈائریکٹر جنرل حج ساجد یوسفانی اور سعودی حکام نے مدینہ منورہ پہنچنے والے حجاج کا استقبال کیا۔
پاکستان کی قومی فضائی کمپنی کے علاوہ روڈ ٹو مکہ منصوبے کے تحت سعودی ائر لائن کی پرواز ایس وی 371، 367 بھی عازمین حج کو لے کر مدینہ منورہ پہنچی، جہاں ڈائریکٹر جنرل حج ساجد یوسفانی نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ امسال سعودی ائر لائن کی 35پروازوں کے ذریعے 11485 حجاج سعودی عرب پہنچیں گے، جبکہ قومی ائر لائن کی23 پروازوں کے ذریعے 7390 اور ائر بلیو کی14 فلائٹس سے 2956 عازمین سعودی عرب پہنچیں گے۔ اس طرح روڈ ٹو مکہ منصوبے کے تحت 72 پروازوں کے ذریعے 21831 ضیوف الرحمٰن سہولیات سے فائدہ اٹھائیں گے۔ مذکورہ تمام پروازیں اسلام آباد سے روانہ ہوں گی اور ان کی سعودی امیگریشن کا مرحلہ اسلام آباد ہی میں مکمل کیا جائے گا۔ حج آپریشن 4جولائی سے 5اگست تک جاری رہے گا۔