جعلی اکاؤنٹس کیس،فریال تالپور کے جسمانی ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع

355

احتساب عدالت نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں رکن سندھ اسمبلی اور پیپلز پارٹی کی رہنما فریال تالپور کے جسمانی ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کردی، انہیں 22 جولائی کو دوبارہ پیش کرنے کی ہدایت کر دی ۔

احتساب عدالت اسلام آباد کے جج ارشد ملک نے جعلی اکا ونٹس کیس کی سماعت کی تو نیب نے آصف علی زرداری اور فریال تالپور کو عدالت میں پیش کیا۔نیب نے فریال تالپور کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ ریمانڈ پر فریال تالپور سے ایک دن بھی تفتیش نہیں ہو سکی کیونکہ جس دن ان کا ریمانڈ ہوا اسی دن اسپیکر سندھ اسمبلی سراج درانی نے ان کے پروڈکشن آرڈر جاری کردیے اور وہ پروڈکشن آرڈر پر سندھ اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے کراچی چلی گئیں اور کل شام واپس آئی ہیں۔

فریال تالپور کے وکیل نے عدالت سے انہیں جسمانی ریمانڈ سے استثنی دینے کی استدعا کی تاہم عدالت نے درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جسمانی ریمانڈ میں استثنی نہیں دیا جا سکتا۔ عدالت نے فریال تالپور کے جسمانی ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کرتے ہوئے انہیں 22 جولائی کو دوبارہ پیش کرنے کی ہدایت کی۔

عدالت میں پیشی کے موقع پر صحافیوں نے آصف زرداری سے جج ارشد ملک کی مبینہ ویڈیو سے متعلق سوال کیے تاہم انہوں نے موقف دینے سے انکار کردیا۔