عالمی عدالت کلبھوشن یادو کیس کا فیصلہ 17جولائی کو سنائے گی

282

دی ہیگ (مانیٹرنگ ڈیسک) عالمی عدالت انصاف پاکستان سے گرفتار ہونے والے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادو سے متعلق کیس کا فیصلہ 17 جولائی کو سنائے گی۔کلبھوشن کیس کی آخری سماعت 18 سے 21 فروری تک ہوئی تھی جس میں بھارت اور پاکستان کے وفود نے شرکت کی تھی۔بھارتی وفد کی سربراہی جوائنٹ سیکرٹری دیپک متل نے کی تھی جبکہ پاکستانی وفد کی سربراہی اٹارنی جنرل انور منصور خان کر رہے تھے۔عالمی عدالت انصاف نے کلبھوشن یادو سے متعلق کیس کا فیصلہ 21 فروری کو محفوظ کیا تھا۔عالمی عدالت انصاف کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق کلبھوشن سے متعلق کیس کا فیصلہ 17 جولائی کو پاکستانی وقت کے مطابق شام 6 بجے سنایا جائے گا۔اعلامیے کے مطابق عالمی عدالت انصاف کے صدر جج عبدالقوی احمد یوسف ہیگ کے پیس پیلس میں فیصلہ سنائیں گے اور تمام کارروائی عالمی عدالت انصاف کی ویب سائٹ پر براہ راست دکھائی جائے گی۔ واضح رہے کہ کلبھوشن کو 3 مارچ 2016 ء کو بلوچستان کے علاقے سے گرفتار کیا گیا تھا، اس پر پاکستان میں دہشت گردی اور جاسوسی کے سنگین الزامات ہیں اور بھارتی جاسوس نے تمام الزامات کا مجسٹریٹ کے سامنے اعتراف بھی کیا ہے۔رواں برس 10 اپریل 2017 ء کو کلبھوشن یادو کو جاسوسی، کراچی اور بلوچستان میں تخریبی کارروائیوں میں ملوث ہونے پر سزائے موت سنائی گی تھی۔لیکن بھارت کی جانب سے عالمی عدالت میں معاملہ لے جانے کے سبب کلبھوشن کی سزا پر عمل درآمد روک دیا گیا ہے۔