لیڈزمیں پاکستانی تماشائیوں پر حملے کرنے والے شائقین پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ

163

برمنگھم (جسار ت نیوز) لیڈز میں پاکستانی تماشائیوں پر حملے کر نے والے شائقین پر پابندی عائد کی جائے گی، گرائونڈ کے اوپر سے گزرنے والے ایک جہاز سے پاکستان مخالف ایک بینر بھی فضا میں لہرایا گیا، اس کی بھی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔میڈیا رپور ٹ کے مطابق لیڈز میں ہفتے کو میچ سے قبل اور آخر میں افغان شائقین کی جانب سے پاکستانی تماشائیوں پر حملے کے حوالے سے یارکشائر پولیس تحقیقات میں کررہی ہے اس میں جو بھی شخص ملوث پایا گیا اسے رواں میگا ایونٹ کے باقی کسی بھی میچ کے دوران اسٹیڈیم میں داخل نہیں ہونے دیا جائیگا۔اس حوالے سے ٹورنامنٹ ڈائریکٹر اسٹیو ایلورتھی نے کہا کہ یہ بات درست ہے کہ اس میچ کے موقع پر چند واقعات رونما ہوئے تھے، ہم تنا کے امکانات سے پہلے ہی آگاہ اور اسی وجہ سے60 اضافی سیکورٹی اہلکار بھی تعینات کیے تھے۔اس کے باوجود ایک چھوٹے سے گروپ نے گڑبڑ کرنا چاہی اوروہ اسی مقصد کیلیے ہی وہاں پر آیا تھا، اس حوالے سے یارکشائر پولیس تحقیقات کررہی ہے۔یاد رہے کہ میچ کے موقع پر گرائونڈ کے اوپر سے گزرنے والے ایک جہاز سے پاکستان مخالف ایک بینر بھی فضا میں لہرایا گیا، اس کی بھی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔اس بارے میں اسٹیو ایلورتھی نے مزید کہا کہ یہ مقامی پولیس کیلئے ایک بہت بڑا ایشو ہے، یہ لیڈز اور بریڈ فورڈ کے درمیان ایئر ٹریفک کا راستہ ہے، ہم پولیس اور ایوی ایشن اتھارٹیز کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں کہ آئندہ اس طرح کے واقعات رونما نہ ہوں۔ورلڈ کپ کے آغاز میں بارش سے شدید متاثر ہونے کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ انگلینڈ کیلئے یہ ایک منفرد چیز تھی۔یہاں کرکٹ اسٹیڈیمز میں جدید ترین ڈرینج سسٹم پر لاکھوں پانڈ خرچ کیے گئے ہیں مگر جون جولائی میں غیرمتوقع طور پر اتنی شدید بارشیں ہوئیں جن کی پہلے مثال نہیں ملتی مگر اب ٹورنامنٹ کافی بہتر انداز میں جاری ہے، پہلے4 ٹیمیں ہی آگے بڑھنے کیلئے یقینی دکھائی دے رہی تھیں مگر اب یہ ایونٹ اوپن ہوچکا ہے۔