پاکستان مخالف پروپیگنڈے کیلئے اسٹیڈیم کا استعمال تشویشناک ہے،وزیر خارجہ

287

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان مخالف پروپیگنڈے کےلئے اسٹیڈیم کا استعمال تشویشناک ہے۔

پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے وزارت خارجہ کا دورہ کیا۔اس دوران برطانوی ہائی کمشنر نے وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔فریقین نے پاکستان اور برطانیہ کے مابین دو طرفہ تعلقات کی موجودہ نوعیت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ،برطانوی ہائی کمشنر کے ساتھ، پاکستان اور افغانستان کے درمیان کھیلے گئے (ورلڈ کپ 2019)کے میچ کے دوران پاکستان مخالف بینرز لہرائے جانے اور پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ساتھ ہتک آمیز رویے کا معاملہ بھی اٹھایا۔

ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان مخالف پروپیگنڈے کےلئے سٹیڈیم کا استعمال تشویشناک ہے،برطانوی شہزادہ ولیم اور انکی اہلیہ کیٹ مڈلٹن کے امسال موسم خزاں میں متوقع دورہ پاکستان کی خبر خوش آئند ہے ،حکومت پاکستان اور عوام کنسنگٹن پیلس کے اس اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں۔