کو ئٹہ (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی بلوچستان کے تحت 28جولائی کو کوئٹہ میں جلسہ ہوگا ،’’ بلوچستان کوحقوق دوبلوچستان بھی پاکستان ہے‘‘کے عنوان سے مہم کا آغاز کردیا ،جماعت اسلامی کی سیاسی کمیٹی نے ذمے داریاں تفویض کردیں ،سینیٹر سراج الحق خصوصی شرکت کریں گے ۔جماعت اسلامی کی سیاسی کمیٹی کے صدر وصوبائی نائب امیر زاہد اختربلوچ نے کہا کہ بلوچستان کو حقوق دینے کے لیے مخلصانہ جدوجہد اور قومی سطح پر حمایت کیساتھ بلوچستان کی قیادت،قومی جماعتوں اورمیڈیا کو بھی مخلصانہ کردار ادا کرنا ہوگا۔ جماعت اسلامی نے صوبے بھر میں’’ بلوچستان کوحقوق دوبلوچستان بھی پاکستان ہے‘‘کے تحت مہم کا آغازکر دیا ہے ۔سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں افتخار احمد کاکڑ، مولانا عبدالحمیدمنصوری،غلام یاسین بلوچ، عبدالنعیم رند ،غلام فاروق مہمند ودیگر نے شرکت کی ۔اس موقع پر مشاورت سے اضلاع وذمے داران کے لیے کام تفویض کیے گیے ۔شرکا ء نے کہا کہ بلوچستان کو وفاقی وصوبائی حکومتوں اور صوبائی جماعتوں نے بھی نظر انداز کیا ہے ،بلوچستان ترقی کریگاتو پاکستان ترقی کرے گا۔ملک دشمن قوتوں کی سازشوں کوناکام بنانے کیلیے بلوچستان کو ترقی وخوشحالی کے سفرمیں دیگر صوبوں کے برابر لانا ہوگا ،صوبے کو سی پیک میں نظر اندازکرنے کے بھیانک نتائج نکلیں گے ،بلوچستان کے نوجوانوں کو روزگار ، عوام کو صحت وتعلیم کی سہولیات میسر کرنے کیساتھ صوبے کو بجلی وگیس لوڈ شیڈنگ سے استثنا دیاجائے ۔