تھانیداروں کی ناقص کارکردگی پر ایس ایس پی سکھر برہم نوٹس جاری

281

سکھر( نمائندہ جسارت)ایس ایس پی سکھر عرفان علی سموں کی زیرصدارت امن امان کی صورتحال کے متعلق اجلاس منعقد ہوا، پولیس ترجمان کے مطابق اجلاس میں ضلع کے تمام ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔اجلاس میں ایس ایس پی سکھر نے تمام ایس ایچ اوز کی کارگردگی کا تفصیلی جائزہ لیا اورایس ایچ اوز کی کارگردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے ایس ایچ اوز کی ناقص کارکردگی اصل ملزمان کی عدم گرفتاری اور عوامی شکایات پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے افسران کی سخت سرزنش سزائیں و شوکاز نوٹس جاری کر دیے، ایس ایچ او کڈھیڑی دادلو ، قادرپور کو معطل کردیا گیا،جبکہ ایس ایچ او سائٹ، سی سیکشن، روہڑی، دبر، کینٹ، بائیجی کی تین سال کی سروس ختم کردی گئی،ایس ایچ او آباد، نیوپنڈ، کندھرا، دبر جھانگڑو اے اور بی سیکشن کو آخری وارننگ دی گئی، اجلاس سے خطاب کرتے ایس ایس پی سکھرنے کہا کہ افسران کو مزیدپروفیشنل ازم اور چستی کا مظاہرہ کرنا ہوگا،اب جو کسی قسم کی غفلت برتے گا یا کسی بھی تھانے کی حدود میں کرائم ریٹ میں اضافہ پایا گیا، اس تھانیدار کو ضلع بدر کردیا جائے گا اور دوبارہ کبھی ضلع میں بطور ایس ایچ او تعینات نہیں ہوگا،ایس ایس پی سکھر کا مزید کہنا تھا کہ جرائم پیشہ افراد اور منظم گینگس کے خلاف مشترکہ حکمت عملی کے تحت ریڈز کریں پولیس کی رٹ کو قائم کریں،انہوں نے کہاکہ ضلع میں امن امان کی صورتحال کو بہتر بنانا اولین ترجیح ہے، جس پہ کسی قسم کا سمجھوتہ نہیںکیا جائیگا، ا عوام کے جان و مال کا تحفظ عزیز ہے جسے یقینی بنانا ہوگا،جرائم پیشہ افراد اسٹریٹ کرائم، سماجی برائیاں، سماج دشمن عناصرکے خاتمے کی پالیسی میں کسی قسم کی کوتاہی غفلت ہرگزبرداشت نہیں کی جائے گی، انہوںنے مزیدکہا کہ منشیات فروش، آکڑا پرچی، جوا سٹہ سمیت آرگینائیزڈ کرمنلز کے خلاف کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے، اور اصل ملزمان کی گرفتاری کو یقینی بنایا جائے، تالہ توڑ گینگ، موٹر سائیکل چوری کی گینگز پر مزید کام کرکے انہیں گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، انہوں نے کہا کہ آئی جی سندھ کی جانب سے جاری کردہ مہم پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے، اشتہاری روپوش ملزمان کی گرفتاری غیرقانونی اسلحہ، انسپیکشن، تفتیش اور کیسز کے التوا کے معاملات کو سنجیدگی سے لیکر انہیں حل کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں،تمام پیٹرولنگ موبائل میں فرسٹ ایڈ باکس رکھیں تاکہ کسی بھی ایکسیڈنٹ یا ناخوشگوار واقعے کے پیشہ نظر انسانی زندگی کو خطرے سے باہر کیا جاسکے،موبائلوں میں گشت کے دوران کم از کم ایک چار کی نفری کی موجودگی کو یقینی بنائیں، پیٹرولنگ اسنیپ چیکنگ کو مزید مؤثربنایا جائے، جرائم کی روک تھام کے لیے موثر حکمت عملی کے ساتھ کام کیا جائے، نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے ،اشتہاری اور روپوش جرائم پیشہ افراد کی گرفتاری میں مزید تیزی لائی جائے۔