روس 10 روز میں ایس 400 نظام دیدے گا‘ اردوان

540

انقرہ (انٹرنیشنل ڈیسک) ترک صدر رجب طیب اِردوان کا کہنا ہے کہ آیندہ 10 روز میں روسی S-400 فضائی دفاعی میزائل نظام ترکی کے حوالے کر دیا جائے گا اور اس حوالے سے امریکا کے ساتھ جاری اختلافات کا کسی مشکل کے بغیر حل نکالنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ واضح رہے کہ امریکا کئی بار ترکی کو روسی میزائل دفعی نظام کی خریداری کے نتائج سے خبردار کر چکا ہے۔ واشنگٹن کا اس حوالے سے موقف ہے کہ روسی ہتھیار کو نیٹو ممالک کے دفاعی نظام کے ساتھ ہم آہنگ نہیں کیا جا سکتا، اسی مناسبت سے امریکا انقرہ پر پابندیاں عائد کرنے کی دھمکیوں کے علاوہ ترکی کو ایف 35 طیاروں کے منصوبے سے علاحدہ کرنے کا انتباہ بھی جاری کر چکا ہے۔ دوسری جانب ترکی پہلے ہی اپنا دو ٹوک موقف واضح کر چکا ہے کہ وہ روس کے ساتھ میزائل دفاعی نظام ایس 400 کے سودے سے دسست بردار نہیں ہوگا بلکہ اس کا حصول انقرہ حکومت کی ایک اہم کامیابی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جاپان میں ہونے والی جی 20 کانفرنس کے دوران ہفتے کے روز ہونے والی ملاقات میں اپنے ترک ہم منصب رجب طیب اِردوان سے کہا تھا کہ انقرہ کی جانب سے روسی ایس 400 دفاعی نظام کی خریداری ایک مسئلہ ہے۔ سربراہ اجلاس کے اختتام کے بعد ایک پریس کانفرنس کے دوران ٹرمپ نے واضح کیا کہ اگر ترکی روسی دفعی نظام کی خریداری پر ڈٹا رہا تو اس پر امریکی پابندیاں عائد کی جائیں گی۔ واضح رہے کہ واشنگٹن اس معاہدے کے حوالے سے کئی بار اپنی مخالفت کا اظہار کر چکا ہے اور اس دست برداری کے لیے ترکی کو 31 جولائی تک کی مہلت بھی دے رکھی ہے۔