سری نگر (انٹرنیشنل ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں مسافروں سے بھری ہوئی ایک مسافر بس کھائی میں گرنے سے کم از کم 35 افراد جاں بحق ہو گئے۔ مقامی پولیس کے مطابق کشتوار کے علاقے میں سفر کرنے والی ایک بس سڑک سے پھسلنے کی وجہ سے گہری کھائی میں جا گری۔ پولیس کے حکام نے بتایا کہ حادثے کے نتیجے میں 20 مسافر موقع پر ہی دم توڑ گئے، جب کہ دیگر ہلاکتیں بعد میں ہوئیں۔ 10 افراد بری طرح زخمی تھے اور ان کے علاوہ 7 افراد کو تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔ جموں اور کشمیر کے دشوار گزار راستوں کی وجہ سے یہاں پر خوفناک حادثات رونما ہوتے رہتے ہیں۔