ٹوکیو (انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے جاپان کے شہر ہیروشیما میں امن میموریل میوزیم کا دورہ کیا ، جہاں دوسری عالمی جنگ میں ہیروشیما پر امریکا کے جوہری بم کے حملے کی تباہ کاریوں کے شواہد محفوظ کیے گئے ہیں۔ سعودی سرکاری خبررساں ایجنسی کے مطابق سعودی ولی عہد نے جوہری بم حملے میں زندہ بچ جانے والی ایک جاپانی خاتون سے ملاقات بھی کی، جس نے شہزادے کو جوہری بم حملے سے قبل، دوران اور بعد میں پیش آنے والے واقعات کی تفصیل سے آگاہ کیا۔
روس کے خطے سائبیریا میں
بارش اور سیلاب‘ 5 افراد ہلاک
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک) روس کے علاقے سائبیریا میں طوفان، بارش اور سیلاب سے 5 افراد ہلاک اور ہزاروں افراد بے گھر ہو گئے۔ سائبیریا کے جنوبی علاقے میں سمندری طوفان اور موسلادھار بارش کے بعد کئی گاؤں اور قصبے زیر آب آگئے۔ سیلابی پانی سے کھڑی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا اور گھروں میں پھنسے ہوئے افراد کو امدادی کارکنوں نے ہیلی کاپٹروں کی مدد سے نکالا۔ محکمہ موسمیات نے آیندہ ہفتے مزید بارش اور سیلاب کی پیش گوئی کی ہے۔