افریقا کپ آف نیشنز فٹ بال ٹورنامنٹ، مڈغاسکر اور یوگینڈا کی ٹیمیں پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئیں

210

قاہرہ (جسارت نیوز) افریقہ کپ آف نیشنز فٹ بال ٹورنامنٹ میں مصر نے یوگینڈا کو شکست دے کر فتوحات کی ہیٹرک مکمل کر لی، یوگینڈا کی ٹیم شکست کے باوجود پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب رہی، مڈغاسکر نے بھی دوسری فتح کے ساتھ پری کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کر لی۔ مصر میں جاری ایونٹ میں کھیلے گئے گروپ اے کے میچ میں میزبان ٹیم نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے یوگینڈا کو 2-0 گولز سے زیر کر کے مسلسل تیسری کامیابی حاصل کی، محمد صلاح اور احمد عیسا نے ایک، ایک گول کیا، یوگینڈا کی ٹیم شکست کے باوجود پری کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ اسی گروپ کے دوسرے میچ میں ڈی آر کانگو نے زمبابوے کو 4-0 گولز سے ہرا کر اس کی پری کوارٹر فائنل میں پہنچنے کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ گروپ بی میں کھیلے گئے میچ میں مڈغاسکر نے تین مرتبہ کی چیمپئن نائیجیریا کو 2-0 گولز سے اپ سیٹ شکست دے کر پری کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا، نائیجیریا کی ٹیم پہلے ہی دو میچز جیت کر پری کوارٹر فائنل میں داخل ہو چکی ہے۔