ورلڈ کپ :لوکیش راہول انگلینڈ  کیخلاف کمر کی انجری میں مبتلا

227

برمنگھم (وائس آف ایشیا) بھارتی بیٹسمین لوکیش راہول انگلینڈ کیخلاف ورلڈ کپ میچ میں فیلڈنگ کرتے ہوئے کمر کی انجری میں مبتلا ہوگئے جس پر ان کی جگہ رویندر جڈیجا نے میدان سنبھالا۔ ٹیم مینجمنٹ کے مطابق فزیو پیٹرک فرہارٹ نے لوکیش راہول کو طبی امداد فراہم کی اور ان کی حالت مزید آرام سے بہتر ہو جائے گی۔ واضح رہے کہ وہ 16 ویں اوور میں اسپنر یزویندر چاہل کی بالنگ پر جانی بیئر اسٹو کے باؤنڈری لائن پر کیچ کرتے ہوئے کمر کی تکلیف کا شکار ہوئے تھے۔

بھارتی آل رائونڈر وجے شنکر فٹنس مسائل کے
باعث ورلڈ کپ کے بقیہ میچز سے باہر ہو گئے
لندن (اے پی پی) بھارتی ٹیم کے آل رائونڈر وجے شنکر فٹنس مسائل کے باعث رواں ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے بقیہ میچز سے باہر ہو گئے، ان کی جگہ میانک اگروال کو ٹیم میں طلب کئے جانے کا امکان ہے، یاد رہے کہ بھارت نے شیکھر دھون کے متبادل کے طور پر شنکر کو ٹیم میں شامل کیا تھا۔ بھارتی ٹیم مینجمنٹ کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق وجے شنکر نیٹ پریکٹس کے دوران بیٹنگ کرتے ہوئے بمرا کی گیند لگنے سے پائوں کی انجری کا شکار ہوئے تھے، ڈاکٹرز نے طبی معائنے کے بعد انہیں مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے اسلئے وہ ورلڈ کپ کے بقیہ میچز میں ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے، ان کی جگہ میانک اگروال کو ٹیم میں شامل کرنے کے حوالے سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے اجازت طلب کر لی ہے۔

اسپین نے جرمنی کو ہرا کر پانچویں مرتبہ یورو
انڈر 21 فٹ بال چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیت لیا
روم جسارت نیوز (اے پی پی) سپین نے یورو انڈر 21 فٹ بال چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیت لیا، فاتح ٹیم نے فیصلہ کن معرکے میں جرمنی کو سخت مقابلے کے بعد 2-1 گولز سے شکست دے کر پانچویں مرتبہ ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔ اٹلی میں منعقدہ ایونٹ میں کھیلے گئے فائنل میچ میں سپین کی ٹیم نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے جرمنی کو 1 کے مقابلے میں 2 گولز سے ہرا کر ٹائٹل حاصل کیا، روئز نے میچ کے 7ویں منٹ میں گول کر کے سپین کو برتری دلائی جو پہلے ہاف کے تک برقرار رہی، دوسرے ہاف کے 69ویں منٹ میں اولمو نے گول کر کے ٹیم کی برتری دوگنی کر دی ۔
جس کے بعد جرمنی پر دبائو مزید بڑھ گیا، میچ ختم ہونے سے دو منٹ قبل جرمنی کے امیری نے گول کر کے مقابلہ 2-1 گولز کر دیا تاہم سپین کی برتری میچ کے اختتام تک برقرار رہی، اسطرح سپین نے جرمنی کو ہرا کر ٹائٹل جیت لیا۔