اسلام آباد (جسارت نیوز) صوابی نے خیبر پختونخوا انٹر ڈسٹرکٹ بیس بال اینڈ سافٹ بال چیمپئن شپ میں دونوں ایونٹ اپنے نام کرلئے۔ اس موقع سیکرٹری جنرل پاکستان آرچری فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل وصال محمد خان اور سماجی کارکن طلحہ محمد نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ خیبر پختونخوا بیس بال اینڈ سافٹ بال ایسوسی ایشن کے زیراہتمام تین روزہ خیبر پختونخوا انٹر ڈسٹرکٹ بیس بال اینڈ سافٹ بال چیمپئن شپ میں پانچ ڈسٹرکٹ کی ٹیموں نے حصہ لیا جن میں پشاور، مردان، بونیر، صوابی اور بنوں کی ٹیمیں شامل تھیں۔ فائنل صوابی اور مردان کے مابین کھیلا گیا جس میں صوابی نے مردان کو 7 کے مقابلے میں 9 رنز سے شکست دے دی، چیمپئن شپ یوسفزئی بیس بال اکیڈمی یار حسین صوابی کھیلی گئی اسی طرح صوابی نے دونوں کھیلوں میں میدان مار لیا۔
پاکستان بمقابلہ افغانستان، لندن پولیس
کی چار افراد کو گرفتار کرنے کی تصدیق
لیڈر(آئی این پی) لندن پولیس نے پاکستان اور افغانستان کے میچ میں ہنگامہ آرائی کرنے والے چار افراد کو حراست میں لینے کی تصدیق کردی۔لندن کی ویسٹ ورکشائر پولیس کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق اسٹیڈیم میں زبردستی داخل ہونے اور میچ کے دوران حالات خراب کرنے میں ملوث چار افراد گرفتار ہیں جن سے تفتیش شروع کردی گئی۔ ورکشائر پولیس نے حراست میں لیے جانے والے افراد کی شناخت ظاہر نہیں کی۔دوسری جانب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اور ورکشائر پولیس نے لیڈز اسٹیڈیم کے باہر پاکستان مخالف مہم کا بھی نوٹس لے لیا جبکہ میچ کے دوران اسٹیڈیم کی حدود میں اڑنے والے جہاز کے پاکستان مخالف بینرز لہرانے پر تحقیقات شروع کردیں۔فلائٹ پاتھ پربنا اجازت جہاز اڑانے پر لیڈز کے ائیرٹریفک کنٹرول نے سختی سے نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی تحقیقات شروع کردیں۔آئی سی سی کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کسی کو میچ کے دوران سیاسی یا نفرت آمیزتشہیرکی اجازت نہیں دی جاسکتی، مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے اقدامات یقینی بنائے جائیں۔
کینیڈین کھلاڑی بائنسا اینڈریسکو فٹنس مسائل
کے باعث ومبلڈن اوپن ٹینس سے باہر
مونٹریال ( جسارت نیوز)کینیڈین کھلاڑی بائنسا اینڈریسکو نے فٹنس مسائل کے باعث سال کے تیسرے گرینڈ سلیم ٹینس ٹورنامنٹ ومبلڈن اوپن سے دستبرداری اختیار کر لی، وہ کندھے کی انجری کا شکار ہیں۔ ومبلڈن اوپن آرگنائزرز کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق کینیڈین کھلاڑی اینڈریسکو نے انجری کے باعث ایونٹ میں شرکت سے معذرت کر لی ہے، ہماری ہمدردیاں ان کے ساتھ ہیں اور خواہش ہے کہ وہ جلد فٹ ہو کر دوبارہ کھیل شروع کریں۔