آئی ایم ایف کے غلاموں نے غریب کی جھونپڑی میں اندھیرا کردیا،طارق سلیم

408

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا ہے کہ ن لیگ، پی پی اور مشرف لیگ سمیت تمام جماعتوں کے اتحاد، تحریک انصاف کی حکومت بدترین نااہلی اور ناکامی سے دوچار ہے۔ وزیراعظم سمیت وزرائے اعلیٰ اور وفاقی کابینہ نااہلوں کا ٹولہ ہے آئی ایم ایف کے غلاموں نے مہنگائی اورٹیکسوں کا بوجھ لاد کرغریب کی جھونپڑی میں اندھیراکردیا،ظلم کے خلاف قوم کوگھروں سے نکلنا ہوگا جماعت اسلامی 19 جولائی کو راولپنڈی میں گرینڈ عوامی مارچ کرے گی، جس میں مرد و خواتین، بچوں اور نوجوانوں سمیت ہر مکتبہ فکرکے افراد شریک ہوں گے، ارکان وکارکنان، عوام کوامیرجماعت سراج الحق کے شانہ بشانہ اس مارچ میں بھرپورشرکت کی دعوت دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی کے اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجتماع سے امیر ضلع سید عارف شیرازی، ضلعی سیکرٹری سید عزیر حامد سمیت دیگر ذمے داران نے بھی خطاب کیا۔ اس مو قع پر صدر نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان شمس الرحمن سواتی، صوبائی سیکرٹری اطلاعات انعام الحق اعوان، نائب امرا ضلع ضیاء اللہ چوہان، شیخ مسعود احمد سمیت مرد و خواتین ارکان نے شرکت کی۔ ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا کہ متحدہ اپوزیشن کا ایجنڈا مفادات پر مبنی ہے۔ پی پی اور ن لیگ اپنی لیڈر شپ کی معصومیت ثابت کرنے کے ایجنڈے کو ہی حرف آخر سمجھتے ہیں جبکہ جماعت اسلامی ملک میں حقیقی اپوزیشن اور عوام کی ترجمانی کا کردار ادا کررہی ہے۔