ومبلڈن اوپن کا آغاز آج ،جوکووچ ٹائٹل کا دفاع کریں گے

246

لندن(جسارت نیوز) سال کے تیسرے گرینڈ سلیم ٹینس ٹورنامنٹ ومبلڈن اوپن کا آغاز آج سے ہو گا، نوویک جوکووچ مینز اور اینجلیق کربر ویمنز سنگلز ایونٹس میں ٹائٹلز کا دفاع کریں گی۔ 14 جولائی تک جاری رہنے والے ایونٹ میں دنیائے ٹینس کے نامور مردوخواتین کھلاڑی مختلف کیٹگریز کے مقابلوں میں ٹائٹلز کے حصول کیلئے قسمت آزمائی کریں گے، مینز سنگلز میں سربین اسٹار اور عالمی نمبر ایک جوکووچ جبکہ ویمنز سنگلز میں جرمن کھلاڑی اینجلیق کربر اپنے اپنے اعزازات کا دفاع کریں گی۔ ایونٹ کیلئے مینز اینڈ ویمنز سنگلز کھلاڑیوں کی سیڈنگز اور ڈراز کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے۔ دفاعی چیمپئن نوویک جوکووچ ٹاپ سیڈ مقرر ہوئے ہیں، راجر فیڈرر سیکنڈ اور رافیل نڈال تھرڈ سیڈ ہوں گے۔ ویمنز سنگلز میں ایشلیگ بارٹی پہلی مرتبہ ٹاپ سیڈ مقرر ہوئی ہیں، جاپان کی نائومی اوساکا سیکنڈ اور دفاعی چیمپئن جرمن کھلاڑی اینجلیق کربر کو ففتھ سیڈ رکھا گیا ہے، سابق عالمی نمبر ایک سرینا ولیمز کو الیونتھ اور جوہانا کونتا کو نائنٹینتھ سیڈ رکھا گیا ہے۔ اعلان کردہ ڈراز کے تحت نڈال اور فیڈرر کو ایک ہی ڈرا میں رکھا گیا ہے اور دونوں کا ممکنہ طور پر سیمی فائنل مقابلے میں آمنے سامنے ہونے کا امکان ہے۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ ایونٹ کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔