میرپورخاص، سکھر (نمائندگان جسارت) میرپورخاص میں بجلی گیس اور پانی کا بحران سنگین صورتحال اختیار کر گیا ، بجلی اور گیس کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور پانی کے مصنوعی بحران نے شہریوں کو دُہری ازیت میں مبتلا کر دیا۔ میرپورخاص شہر میں بجلی کی چھے گھنٹے کی اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے ساتھ اب طویل غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ بھی معمول بن چکی ہے جس کی وجہ سے کاروبار زندگی تباہ ہو کر رہ گیا ہے شدید گرمی میں بار بار بجلی کی بندش کی وجہ سے معصوم بچے گھروں میں بلک بلک کر روتے ہیں جبکہ گھروں میں موجود فریز ر میں کھانے پینے کی اشیاء بھی خراب ہوجاتی ہیں دوسری جانب گیس کی مصنوعی لوڈ شیڈنگ نے بھی شہریوں اور خاص کر خواتین کو پریشان حال کر رکھا ہے گیس کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور کم پریشر کی وجہ سے گھروں کے چھولہے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں گھروں میں کھانا بنانا محال ہو چکا ہے ہوٹلوں سے تیار کھانا لانا مہنگا پڑ گیاگیس کی لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے گھریلوں خواتین کا بجٹ شدیدمتاثر ہو کر رہ گیا ہے ان کے علاوہ شہر بھر کے علاقوں کھار پاڑہ ، ٹور آباد اقبال نگر سمیت دیگر علاقوں میں پینے کے پانی کا شدید بحران پیدا ہو گیا ہے محکمہ پبلک ہیلتھ کی جانب سے کئی ماہ سے واٹر سپلائی کی فراہمی مبینہ طور پر بند کر دی گئی ہے جس کی وجہ سے شہری پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں شہر مہنگے داموں بازار سے پینے کا پانی خرید کر استعمال کر رہے ہیں اس حوالے سے کئی بار خبریں شائع ہو چکی ہے مگر محکمہ پبلک ہیلتھ کے افسران کے کانوں میں جوُں تک نہیں رینگتی ہے جس کی وجہ سے شہری شدید پریشان ہیں عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ میرپورخاص میں بجلی گیس اور پانی کے بحران کو فوری طور ختم کیا جائے بصور ت شدید احتجاج کیا جائے گا۔ سکھر شہر میں پانی کی قلت و بحران بدستور جاری ہے، شہری سراپا احتجاج ہوگئے، تھرمل کالونی کی مکین ڈنڈا بردار خواتین اور بچوں نے واٹر سپلائی اسٹیشن کا گھیرائو کر لیا،خواتین کی بڑی تعداد نے بندر روڈ پر آگ جلا کر آمد و رفت معطل کردی اور ڈنڈے لہرا کر شدید احتجاج کیا،انکا کہنا تھا کہ میونسپل انتظامیہ 6ماہ سے علاقے میں پانی فراہم نہیں کر رہی ، شدید گرمی میں جینا محال ہوچکا ہے، گرمی کے باعث دریا میں نہاتے ہوئے ہمارے دو بچے گذشتہ روز ڈوب کر جانبحق ہو چکے ہیں، بارہا احتجاج کے باوجود انتظامیہ صرف آدھا گھنٹا پانی فراہم کر رہی ہے نیو پنڈ کے علاقے احمد نگر کی رہائشی خواتین نے پینے کے صاف پانی کی عدم فراہمی کے خلاف بچوں کے ہمراہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا، اس موقع پر خواتین کا کہنا تھا کہ علاقے میں کئی دنوں سے آلودہ پانی سپلائی کیا جارہا ہے، جس کے بارے میں متعلقہ انتظامیہ کو آگاہ کرنے کے باجود مسئلہ حل نہیں کیا جارہا، جس کی وجہ سے احتجاج کا راستہ اختیار کیا ہے، انہوں نے کہا کہ صاف پانی نہ ملنے پر دور دراز کے علاقوں سے پانی بھر کر لانے پر مجبور ہیں۔ احتجاج کے ذریعے متعلقہ انتظامیہ کی توجہ مبذول کرانا چاہتے ہیں۔مظاہرین نے میئر سکھر سمیت دیگر افسران سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں صاف پانی کی عدم فراہمی کا نوٹس لیتے ہوئے غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔