حیدرآباد ،مون سون کی تیاریوں کا پردہ چاک ،نالوں گندگی کے ڈھیر

331

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) حیدر آباد کی سڑکوں اور نالوں پر جمع سیوریج کا پانی ضلعی انتظامیہ کی مون سون تیاریوں کا پردہ چاک کررہاہے‘ اہم ترین شاہراہوں اور نالوں میں کچرے کے ڈھیر اور گندے پانی کے جوہڑ میئر حیدرآباد کو منہ چڑا رہے ہیں ۔ڈویژنل کمشنر حیدرآباد کی جانب سے ہدایت کے باوجود شہر میں ناقص سیوریج کا نظام بدستور بلدیہ کی نااہلی کاثبوت دے رہا ہے ایک جانب مون سون بارشوں کے حوالے سے انتظامات کے دعوے کیے جارہے ہیں تو دوسری شہر کی اہم ترین شاہراہیں جن میں پریس کلب روڈ‘ رسالہ روڈ‘ اسٹیشن روڈ‘ مکی شاہ روڈ‘ شاہراہ فاطمہ جناح‘ قاضی عبدالقیوم روڈ‘ فقیر کا پڑ چوک‘ پھلیلی‘ پریٹ آباد‘ نورانی بستی‘ مکرانی پاڑہ‘امریکن کوارٹرز‘ گلشن خیر محمد‘ بدین چالی‘ لطیف آباد کے مختلف یونٹ میں سیوریج کا پانی سڑکوں پر بہہ رہا ہے جس سے ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوکر رہ گیا ہے جبکہ اہم ترین شاہراہوں پر کچرے کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں لیکن میونسپل کمشنر ‘ ڈی جی ایچ ڈی اے اور ایم ڈی واسا اور میئر حیدرآباد سمیت کسی کے کان پر جوں تک نہیں رینگ رہی ان حالات میں جبکہ شہر ایک گندے پانی کے جوہڑ کا منظر پیش کررہا ہے اگر بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا تو شہر کی کیا حالت ہوگی اس کو سوچ کر ہر باشعور شہری پریشان ہیں ۔