لوٹا بننے والے ارکان اسمبلی کے گھروں کا گھیراؤکرینگے، رانا ثناء

315

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ لوٹا بننے والے مسلم لیگ ن کے ارکان اسمبلی کے گھروں کا گھیراؤ کرنے والے کارکنوں کی قیادت وہ خود کریں گے۔ گزشتہ روز اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان سے حزب اختلاف کی جماعت مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے 15 ارکان پنجاب اسمبلی نے بنی گالا ملاقات کی تھی۔ ملاقات میں پنجاب اسمبلی کے رکن غیاث الدین، شعیب اویسی، چودھری اشرف انصاری، فیصل خان نیازی، غلام قاسم ہنجرا، محمد ارشد، اظہر چانڈیہ، غضنفر لنگاہ، جلیل احمد شرقپور اور نشاط احمد خان ڈاہا شامل تھے۔ اس حوالے سے مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء￿ اللہ نے بھی لیگی ارکان اسمبلی کی ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ 4 سے 5 لیگی ارکان کی ملاقات کا امکان رد نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ملاقات کرنے والے بیشتر نام آزاد حیثیت میں الیکشن جیت کر ن لیگ میں شامل ہوئے، ان میں ایک فیصل خان نیازی تحریک انصاف کا ٹکٹ نہ ملنے پر آخری روز ن لیگ میں شامل ہوئے تھے۔ان کا کہنا ہے کہ اشرف انصاری کو ن لیگ نے پنجاب اسمبلی کا ٹکٹ دے کر واپس لیا اور پھر دے دیا، جمیل شرقپوری بھی الیکشن سے چند روز قبل تحریک انصاف سے پارٹی میں آئے تھے۔رانا ثناء اللہ خان کے مطابق غیاث الدین ماضی میں بھی سیاسی وابستگیاں تبدیل کرتے رہے ہیں جبکہ خانیوال سے رکن پنجاب اسمبلی نشاط ڈاہا بھی حالات کے مطابق سیاسی وابستگی رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی لیگی رکن پی ٹی آئی حکومت کی ڈوبتی کشتی میں سوار نہیں ہوگا، کسی لیگی ایم پی اے نے استعفیٰ دیے بغیر لوٹا بننے کی کوشش کی تو حلقے کی عوام گھیراؤ کریں گے۔