واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ شمالی کوریائی رہنما کم جونگ ان سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں۔ ٹرمپ نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ وہ چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ جنوبی کوریا جائیں گے اور ڈی ایم زی سرحد پر کم جونگ ان سے ملاقات کریں گے۔ یہ علاقہ شمالی اور جنوبی کوریا کے درمیان غیر فوجی اور تاریخی اہمیت کا حامل ہے اور دونوں ممالک کے صدور کی پہلی ملاقات بھی اسی مقام پر ہوئی تھی۔ دوسری جانب شمالی کوریا نے ٹرمپ کی خواہش کو دلچسپ تجویز قرار دیا۔ تاہم نائب وزیر خارجہ چوئی سن ہوئی کا کہنا تھا کہ پیانگ یانگ کو اس سے متعلق ابھی تک کوئی باضابطہ دعوت نہیں موصول ہوئی۔ خبررساں اداروں کے مطابق امریکی صدرے کے دورے کا مقصد شمالی کوریا کے ساتھ ایٹمی پروگرام ختم کرنے کے لیے مذاکرات بحال کرنا ہے۔ ٹرمپ نے بظاہر غیر متوقع طور پر کم جونگ سے ملاقات کا اشارہ دیا ہے۔ اوساکا میں جی20 اجلاس کے بعد ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کم جونگ ان کے خیالات جاننے کا فیصلہ کیاہے۔ ادھر وائٹ ہاؤس کی جانب سے واضح نہیں کیا گیا کہ ٹرمپ کے ساتھ موجود سرکاری اہل کاروں کو کم جونگ ان سے ملاقات کے حوالے سے پہلے سے آگاہ کیا گیا تھا یا نہیں۔