باصلاحیت اور باکردار قیادت ملک کو ترقی کی جانب لے جاسکتی ہے

517

جیکب آباد (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی ضلع جیکب آباد دیدار علی لاشاری کا تعلقہ ٹھل کے قصبہ چانڈان کا دورہ۔ امیر جماعت اسلامی ضلع جیکب آباد دیدار علی لاشاری نے ٹھل کا درہ کرکے جماعت اسلامی یوتھ ٹھل ضلع کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں تعلقہ بھر میں یوتھ کے کام کا جائزہ لیا گیا، بعد ازاں 9 جولائی 2019ء مرکزی تربیت گاہ منصورہ لاہور میں شرکت کے لیے زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کی شرکت کو یقینی بنانے کے لیے دور دراز علاقوں میں درپیش مالی مشکلات کے پیش نظر امیر جماعت اسلامی نے ان کی اپنی بساط کے مطابق ہر ممکن مدد کا یقین دلایا۔ اجلاس میں طے کیا گیا کہ یوتھ ٹھل کا قافلہ تحصیل ٹھل کے صدر جاگن خان برڑو کی قیادت میں ٹھل سے روانہ ہوگا۔ قبل ازیں چانڈان کی جامع مسجد میں دورے میں شامل رہنما جماعت اسلامی علامہ محمد حنیف کھوسہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جس میں امانت نہیں اس کا کوئی ایمان نہیں، ساتھ ہی جس نے اپنے وعدے کی پاسداری نہیں اس کا کوئی دین نہیں۔ جماعت اسلامی کی بنیاد اور عقیدہ بھی کلمہ طیبہ پر ایمان پر ہے۔ جماعت اسلامی میں تمام تر قوت و طاقت و صلاحیت بھی اللہ اور رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی دی ہوئی تعلیمات کی روشنی میں ایمان کو مضبوط کرنے میں صرف کی جاتی ہے۔ اس طرح ایمان والوں کو لے کر ملک کو حقیقی اسلامی فلاحی ریاست کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ اس وقت ملک کی باگ ڈور سنبھالنے والوں میں سچ بولنے کا فقدان اور پاکستان کا آئین جو اسلامی آئین ہے اس کے نفاذ میں جو رکاوٹ ہے وہ ایمان والے افراد کی کمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مایوسی کی کوئی ضرورت نہیں بس ہمیں اپنے حصے کا کام کرنا چاہیے اور پُرامید رہتے ہوئے اس امر حق کو جانتے ہوئے کہ جماعت اسلامی کے پاس ایمان دار، باصلاحیت اور باکردار قیادت موجود ہے جو اس ملک کو سچ و حق اور ترقی و خوشحالی کی جانب لے جا سکتی ہے۔