رہزنوں اور بلیک میلر لڑکی سمیت183 ملزمان دھر لیے گئے

370

کراچی (اسٹاف رپورٹر)رینجرز اورپولیس نے شہر کے مختلف مقامات پر کی گئی کارروائیوں کے دوران 183 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔گرفتار شدگان کوڈکیتی ،رہزنی منشیات فروشی اوردیگر سنگین جرائم میں ملوث ہونے پر گرفتار کیا گیا،گرفتار شدگان میں لڑکوں سے دوستی کرکے بلیک میل کرنے والی لڑکی بھی شامل ہے ۔ رینجرز اعلامیے کے مطابق خفیہ معلومات کی بنیاد پرماڈل کالونی کے علاقے میں کارروائی کی گئی جس کے دوران 3 ملزمان کاشف عرف کاشی، محمد عرف اشرف اور عمران علی کو گرفتار کر لیاگیا۔ملزمان ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، ایمونیشن اور مسروقہ سامان بھی برآمد کیا گیا ہے۔ رینجرز نے ملزمان کو قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔ علاوہ ازیں رینجرز نے اندرون سندھ پانی چوری کے خلاف آپریشن کیا اعلامیہ کے مطابق اندرونِ سندھ ٹھٹھہ اور ٹنڈو آدم کے علاقوں میں پانی چوری کے خلاف محکمہ آبپاشی اور پولیس کے ساتھ مشترکہ آپریشن کے دوران 23 مقامات سے پانی کے غیرقانونی کنکشن، موگھے اور نکوں کو ہٹایا دیا گیا۔ادھر لانڈھی مرغی خانے کے قریب پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں ساتھی سمیت گرفتار کرکے اسلحہ اورموٹرسائیکل تحویل میںلے لی۔ ادھر ساؤتھ پولیس نے میڈیا کے نام پر بھتا خوری کرنے والے گروپ کا سراغ لگاکرا س کے 3 کارندوں کو گرفتار کرلیا۔ایس ایس پی سائوتھ کے مطابق گرفتار ہونے والوں میں ایک لڑکی بھی شامل ہے، جس کا نام ایمان بتایا جاتاہے، ملزمہ ایمان نوجوان لڑکوں سے فون پر دوستی کرکے ان سے ملتی اور بعد میں بلیک میل کرتی تھی،لڑکوں کی تصاویر میڈیا پر چلانے کی دھمکیاں دیکر ہزاروں روپے بٹورے جاتے تھے۔ ڈیفنس پولیس نے3 ملزمان شہروز ولد جہانزیب ، حسنین ولد یاسین اور عابد علی ولد سومار مراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے3 ٹی ٹی پستول بمعہ 17 گولیاں 9 چھینے ہوئے موبائل فونز اور 8200 روپے نقد رقم برآمد کرلی ،جبکہ دوسری کارروائی میں منشیات فروش غلام سخی عرف چھوٹو ولد غلام سرور کو گرفتار کرکے600گرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد کرلی۔ ایسٹ زون پولیس نے 24گھنٹوں کے دوران 169 ملزمان کو گرفتار کیا ہے جس میں 11 اشتہاری اور106مفرور بھی شامل ہیں، ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ 24 پستول، 5120 گرام چرس،نقد رقم 79000 کلو گٹکا اور 2 موبائل فون برآمد ہوئے ہیںجبکہ5 گاڑیاں بھی قبضے میں لے لی گئیں۔ پولیس نے مقابلے میںزخمی ایک ملزم کوگرفتارکرنے کا دعویٰ بھی کیا ہے، ائرپورٹ پولیس نے اسنیپ چیکنگ کے دوران موٹرسائیکل لفٹنگ میں ملوث ملز م کو گرفتار کرکے مسروقہ موٹر سائیکل برآمد کرلی ۔ملیر پولیس نے مقابلے کے بعد ایک زخمی سمیت 2ملزمان کو گرفتار کرلیا،دونوں ملزمان رہزنی کی36سے زائد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے۔پولیس نے ملزمان کیخلاف پولیس پر فائرنگ، اقدام قتل اور دیگر دفعات کے تحت مقدمات درج کر لیے ہیں۔ملزمان سے برآمد اسلحہ فارنزک کے لیے روانہ کیا جا رہا۔