لاہور (نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے علما اور خیبر پختونخوا قبائلی اضلاع سے آئے وفد
سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سیاسی و معاشی بحران اور دشمن قوتوں کے نشانے پر ہے‘ قومی قیادت کا شیرازہ بکھرا ہوا ہے‘ 2018ء کے انتخابات دھاندلی زدہ تھے‘ پھر بھی ریاستی نظام چلانے کے لیے سب نے عمران خان کی حکومت کو تسلیم کر لیا‘ یہ المیہ ہے کہ حکومت قلیل مدت میں ہی بے نقاب ہو گئی ہے‘ حکمران جماعت کا کوئی وژن اور ٹیم نہیں اور نہ ہی اصلاح احوال کے لیے تیار ہے‘ مہنگائی، بے روزگاری اور آئی ایم ایف کی بدترین شرائط سے ڈالر، افراط زر اور پیداواری لاگت میں اضافہ ہو رہا ہے‘ وزیراعظم عمران خان کو اندازہ ہی نہیں کہ غریب اور متوسط طبقہ کس عذاب سے گزر رہا ہے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ عمران خان حکومت کا اسلوب حکمرانی تباہی کے 6 نکات پر عمل کر رہا ہے‘ حکمرانوں کی خواہشات ہیں کہ سب مخالف جیل میں بند ہوں‘ ان کی تذلیل کی جائے‘ انہیں کوئی روکے نہ کوئی ٹوکے‘ قومی ذرائع ابلاغ صرف ان کی تعریف کریں بصورت دیگر تذلیل کی جائے‘ قومی معیشت آئی ایم ایف کے حوالے اور مہنگائی اور بے روزگاری عوام پر مسلط کر دی جائے‘ کشمیر بھول جائو، اسرائیل کو تسلیم کرو، امریکی تابعداری کرو‘ احتساب سب کا نہیں بلکہ سلیکٹڈ احتساب اور کرپٹ مافیا کا تحفظ کیا جائے‘ حکومت کی کوشش ہے کہ ریاست مدینہ کے نظام کے اعلان کی آڑ میں سیکولر، لبرل اور قادیانی نواز پاکستان قائم کیا جائے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ قوم بیدار اور ہوشیار رہے‘ جدوجہد کے ذریعے اس تباہی کا راستہ روکنا ہے۔ دریں اثنا لیاقت بلوچ آج (اتوار کو) جماعت اسلامی ضلع سوات کے ضلعی ورکرز کنونشن سے مرکز اسلامی سنگھوٹہ میں خطاب کریں گے۔