انتظامات مکمل،جماعت اسلامی کے تحت ’’کراچی عوامی مارچ ‘‘ آج ہوگا

518

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی کے تحت ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، آئی ایم ایف کی غلامی و ظالمانہ بجٹ اور صوبے اور ملک کو سب سے زیادہ ریونیو دینے والے شہر کراچی کو اس کے حقوق اور اختیارات کی فراہمی، بجلی، پانی، ٹرانسپورٹ، سڑکوں کی خستہ حالی اور صفائی ستھرائی سمیت شہریوں کو درپیش بے شمار مسائل کے حل کے لیے شروع کی گئی تحریک ’’کراچی کو عزت دو، حقوق دو‘‘ کے سلسلے میں آج سہراب گوٹھ سے مزار قائد تک عظیم الشان ’’کراچی عوامی مارچ ‘‘ منعقد ہو گا‘ مارچ کا آغاز شام 4 بجے ہو گا جس سے امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق خصوصی خطاب کریں گے‘ مارچ کی تیاریاں اور انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور روٹ کو بھی حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کراچی کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی فیملی کے ہمراہ مارچ میں بھرپور طریقے سے شریک ہو کر حکومت کی نا قص پالیسیوں کے خلاف اپنے عدم اعتماد کا اظہار کریںاور ’’کراچی کو عزت دو، حقوق دو اور مسائل حل کرو‘‘ کی تحریک اور جدو جہد کا حصہ بنیں۔ تفصیلات کے مطابق کراچی عوامی مارچ کو کامیاب بنانے اور شہر بھر سے عوام کی کثیر تعداد کی شرکت کو یقینی بنانے کے لیے جماعت اسلامی کی جانب سے بڑے پیمانے پر انتظامات اور تیاریاں کی گئی ہیں ‘ شرکا تمام اضلاع اور علاقوں سے مقامی رہنمائوں اور ذمے داران کی قیادت میں ریلیوں اور جلوسوں کی صورت میں سہراب گوٹھ پہنچیں گے ‘ جن میں خواتین، بچے، بزرگ، نوجوان، طلبہ، اساتذہ، علما کرام، ڈاکٹرز، انجینئرز، وکلا، صحافی، تاجر اور مزدور و محنت کش سمیت مختلف شعبۂ زندگی سے وابستہ افراد شامل ہوں گے جو گاڑیوں پر سوار ہوں گے۔ سہراب گوٹھ سے شروع ہونے والا مارچ واٹر پمپ چورنگی، عائشہ منزل، کریم آباد، حسین آباد چورنگی، غریب آباد، حسن اسکوائر، پرانی سبزی منڈی اور جیل چورنگی اور نیو ایم اے جناح روڈ سے ہوتا ہوا مزار قائد پر ختم ہوگا جہاں مرکزی قائدین مارچ کے شرکا سے خطاب کریں گے۔ علاوہ ازیں مارچ کے روٹ پر متعدد مقامات پر مارچ کا استقبال اور شر کا پر گل پاشی کی جائے گی‘ مارچ کے شرکا قومی پرچم، جماعت اسلامی کے جھنڈے اور مختلف بینرز اور پلے کارڈز اُٹھائے ہوں گے۔ مارچ کے روٹ پر بڑی تعداد میں بینرز اور جھنڈے بھی لگائے گئے ہیں۔ دریں اثنا مارچ کے سلسلے میں ہفتے کو بھی شہر بھر میں اہم شاہرائوں، بڑی چورنگیوں اور متعدد اہم پبلک مقامات پر کیمپ لگائے گئے جہاں رات گئے تک سر گرمیاں جاری رہیں‘ کارکنان اور ذمے داران موجود رہے اور شہریوں کو مارچ میں شرکت کی دعوت دی جاتی رہی‘ نوجوانوں میں زبردست جوش و خروش دیکھنے میں آیا۔ جے آئی یوتھ کی جانب سے ایک بڑا کیمپ حسن اسکوائر پر لگایا گیا۔ موبائل پبلسٹی کا سلسلہ بھی جاری رہا‘ عوام کی جانب سے بھی مارچ کی پذیرائی کی گئی اور لوگوں نے شرکت کی یقین دہانی کرائی۔ توقع ہے کہ کراچی کی تاریخ کا ایک بہت بڑا عوامی مارچ ثابت ہو گا ۔