پشاور( آن لائن ) عوامی نیشنل پارٹی پشاور کے سٹی صدر سرتاج خان کو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر کے قتل کردیا ۔مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ اے این پی رہنما کو پشاور کے علاقے گلبہار میں نشانہ بنایا گیا تاہم قاتلوں کی شناخت نہیں ہو سکی۔حکام کا کہنا ہے کہ مقتول کی نعش لیڈی ریڈنگ اسپتال پہنچا دی گئی ہے جہاں معمول کی کارروائی کے بعد اسے ورثا کے حوالے کیا جائے گا۔پشاور کے ایس ایس پی آپریشن ظہور آفریدی کے مطابق بظاہر واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا لگ رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سرتاج خان کو موٹر سائیکل سواروں نے گاڑی کے اندر2 گولیاں ماریں۔ایس ایس پی کے مطابق راہزنی کے شواہد نہیں ملے، مقتول کا پرس اور موبائل گاڑی میں موجود ہے۔ان کا کہنا تھا کہ حملہ اوروں کی تلاش جاری ہے، سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر رہے ہیں۔واقعے کی اطلاع ملنے پر اے این پی کارکنان کی بڑی تعداد اسپتال پہنچ گئی۔ پارٹی کے مرکزی صدر اسفند یار ولی نے فائرنگ کے واقعے کی مذمت کی ہے۔ رکن صوبائی اسمبلی ر ثمر بلورنے بھی قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہارون بلور کی برسی کے قریب اس قسم کا واقعہ ہونا اے این پی کے لیے ایک اور بڑا سانحہ ہے ۔