عمران خان میں اپوزیشن کے سامنے خطاب کی ہمت نہیں، مریم نواز

325

لاہور (نمائندہ جسارت) مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ عمران خان میں اپوزیشن کی موجودگی میں خطاب کرنے
کی ہمت نہیں، وہ خطاب کیلیے اپوزیشن کی کرسیاں خالی ہونے کا انتظارکرتے رہے۔ ہفتے کو مریم نواز نے وزیراعظم عمران خان کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان میں اپوزیشن کی موجودگی میں خطاب کرنے کی ہمت نہیں، وہ خطاب کیلیے اپوزیشن کی کرسیاں خالی ہونے کا انتظارکرتے رہے انہوں نے عمران خان کو ڈرپوک قراردیتے ہوئے کہا کہ جب سامنے تقریر نہیں کرسکتے تو پھرکرتے کیوں ہو؟۔ علاوہ ازیں مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان صرف خالی ایوان میں تقریر کرسکتے ہیں، اپوزیشن کی موجودگی میں تقریر نہیں کرتے۔ وزیر اعظم کی پارلیمنٹ میں تقریر پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان صرف خالی ایوان میں تقریر کرسکتے ہیں۔ عمران خان کو خوف آتا ہے کہ کہیں سلیکٹڈ کا نعرہ نہ لگ جائے۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان معلوم کر کے ایوان میں آتے ہیں کہ ایوان میں شہباز شریف تو نہیں۔ عمران خان بار بار شہباز شریف کی کرسی کو دیکھتے رہے کہ وہ کہیں ایوان میں نہ آجائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان صاحب کو ڈر لگتا ہے کہ کہیں علیمہ باجی چور ہے کا نعرہ نہ لگ جائے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس عوام دشمن بجٹ میں کسان پیکج کہاں ہے؟۔