کیپ ٹاؤن ٹیسٹ، عباس ٹیم کو دستیاب، رضوان کی بھی شمولیت کا امکان

232

نیولینڈ(جسارت نیوز) جنوبی افریقا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے فاسٹ بولر محمد عباس ٹیم کو دستیاب ہوں گے جب کہ وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کو بھی ٹیم میں شامل کیے جانے پر غور شروع کردیا گیا ہے۔ سنچورین ٹیسٹ میں جنوبی افریقا کے ہاتھوں بدترین شکست کے بعد سلیکٹرز نے ٹیم میں اکھاڑ پچھاڑ پر غور شروع کردیا جس کے لیے محمد رضوان کو مڈل آرڈر بیٹسمین کے طور پر شامل کرنے پر غور ہورہا ہے۔ ذرائع کے مطابق محمد رضوان کی شمولیت کی صورت میں اسد شفیق کو جگہ خالی کرنا پڑے گی، انہوں نے پہلے ٹیسٹ کی دو اننگز میں صرف 13رنز بنائے تھے۔اس قسم کی بھی اطلاعات تھیں کہ سنچورین ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں بیٹنگ لائن کی ناکامی کے بعد ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کپتان سرفراز احمد، اظہر علی اور اسد شفیق کو بلاکر انہیں کھری کھری سنائیں اور کہا کہ سینئر بلے باز جان بوجھ کر آوٹ ہوئے۔قومی ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عباس بھی مکمل فٹ ہوکر دوسرے ٹیسٹ کے لیے ٹیم کو دستیاب ہیں۔