ماڈل ٹاؤن شہدا کے قاتلوں کا جلد حساب ہونے والا ہے، خرم گنڈا پور

215

سیالکوٹ (آئی این پی) مرکزی ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں شہید ہونے والوں کو ہم کبھی بھی بھلا نہیں سکتے، ان کی یادیں ابھی بھی ہمارے دلوں میں زندہ ہیں اور وہ ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں، ان کو شہید کرنے والوں کا عنقریب یوم حساب شروع ہونے والا ہے، عدالت عظمیٰ کی طر ف سے سانحہ ماڈل ٹاؤن کیلیے نئی جے آئی ٹی کا تحریری حکم ہمارے لیے حوصلہ افزا ہے، اس سلسلے میں حکومت پنجاب کا تعاون بھی قابل ستائش ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سمبڑیال میں تحریک منہاج القرآن کے مقامی رہنما محمد جمیل جمالی کے والد ماسٹر اللہ دتہ کی وفات پر اہل خانہ سے اظہار تعزیت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا ملک وقوم کو لوٹنے والوں کا احتساب پوری قوم کا مطالبہ ہے پاکستان سے بدعنوانی اورکرپشن کا خاتمہ ہونا چاہیے اوراحتساب کا عمل بلا تفریق ہونا چاہیے۔