حکومت کے خلاف جنگ عدالتوں میں لڑیں گے عمران قومی سلامتی کیلئے خطرہ ہیں،ن لیگ 

272

پشاور،نارووال(مانیٹر نگ ڈیسک)پاکستان مسلم لیگ ( ن) نے وزیر اعظم عمران خان کوقومی سلامتی کے لیے بہت بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے حکومت کے خلاف سڑکوں پر آنے کے بجائے عدالتی جنگ لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔(ن)لیگ کے صوبائی صدرو سابق وفاقی وزیر امیر مقام نے پشاور میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ ہم عدلیہ کی بالادستی کی بات کرتے ہیں،عدلیہ کے فیصلوں کو ہمیشہ تسلیم کیا ہے، سڑکوں پر آنے کا فیصلہ قبل از وقت ہے،ہمیں معلوم ہے شریف برادران کے خلاف کیسوں میں کچھ نہیں اس لیے ہم عدلیہ سے رجوع کریں گے۔امیر مقام نے کہا کہ حکمران جوکررہے ہیں اس پر دکھ ہے، حکومت کے پاس غریبوں کو ریلیف دینے کا کوئی ایجنڈا نہیں، عمران خان کو پتا ہی نہیں کہ روٹی اور چائے کا کیا ریٹ ہے۔انہوں نے کہا کہ احتساب کا دہرا معیار نہیں ہونا چاہیے سب کا احتساب ہونا چاہیے، احتساب کی بات کرنے والوں کو چیلنج کرتا ہوں کہ صرف بی آر ٹی کا ریکارڈ اوپن کریں، منظور نظر افراد کو کنٹریکٹ دیے جا رہے ہیں، کنٹریکٹر کو 25 فیصد اضافی رقم دی گئی لیکن کام پورا نہ ہوا،بی آر ٹی کا تخمینہ 70 ارب تک پہنچ چکا ہے لیکن منصوبہ اب بھی نامکمل ہے، صرف کمیشن کی خاطر بی آر ٹی کا منصوبہ شروع کیا گیا، بی آر ٹی کیس اوپن ہوگیا تو بڑے بڑوں کے نام آئیں گے۔علاوہ ازیں سابق وفاقی وزیر داخلہ،(ن)لیگ کے رکن قومی اسمبلی احسن اقبال نے نارووال میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان قومی سلامتی کے لیے بہت بڑا خطرہ ہیں،(ن)لیگ نے این آر او نہیں بلکہ علیمہ خان کو این آر او دیا گیا ہے، فواد چودھری اور شیخ رشیدہر جماعت کے لاؤڈ اسپیکر ہوتے ہیں،مسلم لیگ کو ہمیشہ آمروں نے اپنے لیے بڑا خطرہ سمجھا،اگر 2018ء کے عام انتخابات صحیح ہوتے تو پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہوتی، قوم پر پاناما کا جھوٹا ڈراما مسلط کیا گیا، (ن)لیگ فولاد ہے جو ٹکرائے گا پاش پاش ہو جائے گا ۔