قومی دولت کی واپسی کیلیے مگر مچھوں پر ہاتھ ڈالاہے‘ عامر کیانی

362

راولپنڈی (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے صحت عامر محمود کیانی نے کہا ہے کہ ہم نے بڑے مگر مچھوں پر ہاتھ ڈالا ہے تاکہ قوم کی لوٹی ہوئی دولت واپس لائی جاسکے‘ جڑواں شہروں راولپنڈی ، اسلام آباد میں پانی کی کمی کے مسئلے پر بہت جلد قابو پا لیا جائے گا‘ تربیلا ڈیم سے راولپنڈی اور اسلام آباد کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے35 ارب روپے کے پروجیکٹ کی وزیراعظم عمران خان جلد منظوری دیں گے‘ صحت کارڈ کی تقسیم اگلے ماہ سے ہوگی‘ تمام لوگوں تک صحت کی سہولیات کی فراہمی ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے‘ دکھی انسانیت کی خدمت ہمارا مذہبی اور اخلاقی فریضہ ہے۔ یہ بات انہوں نے صوبائی وزیر قانون محمد بشارت راجا کے ہمراہ ڈھیری حسن آباد میں ترقیاتی کاموں کی تکمیل کے سلسلے میں منعقدہ عوامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی نے کہا کہ اسپتالوں میں مریضوں کو دی جانے والی سہولیات اور ادویات کی فراہمی کو بہتر بنایا جا رہا ہے، اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔