قرآن سے مضبوط تعلق ہی امت کو غالب کرسکتاہے‘ راشد نسیم

266

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر راشد نسیم نے کہا ہے کہ قرآن ہی ہماری ہدایت اور رہنمائی کا سرچشمہ ہے، امت مسلمہ بحیثیت مجموعی غلامی کی زنجیروں میں جکڑی ہوئی ہے ، جب تک ہم قرآنی تعلیمات پر عمل نہیں کریں گے اس وقت تک کامیابی حاصل نہیں کرسکتے ، جماعت اسلامی پوری قوم کو اللہ کی بندگی کی طرف بلارہی ہے کیوں کہ ہماری خوشحالی اور ترقی کا راز بھی اللہ کی بندگی میں ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی زون اورنگی غربی کے ایک روزہ فیملی دعوتی و تربیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجتماع کا آغازناظم اعلیٰ جمعیت اتحاد العلما کراچی مولانا عبد الوحیدکے فکر آخرت کے موضوع پر درس قرآن سے ہوا۔شرکا اجتماع سے جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر ڈاکٹر اسامہ رضی نے فریضہ اقامت دین کے موضوع پر خطاب کیا،معروف مذہبی اسکالر و کالم نویس شاہ نواز فاروقی نے تصور ریاست مدینہ پر لیکچر دیا۔ جماعت اسلامی غربی کے عبوری امیر اسحاق خان اور نائب امیر مولانا فضل احد بھی اجتماع سے مخاطب ہوئے۔تربیتی اجتماع میں خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد نے شرکت کی ، بچوں کے لیے پلے ایریا بھی بنایا گیا تھا۔