وزیراعلیٰ کی سال نو پر سی ویو کھلا رکھنے کی ہدایت 

228

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ڈویزنل انتظامیہ اور پولیس کو ہدایت کی ہے کہ وہ نیو ائرنائٹ کے موقع پر عوام کیلیے سی ویو کو کھلا رکھے تاکہ آنے والے بغیر کسی پریشانی کے تفریح کر سکیں مگر اسلحہ کی نمائش، منشیات استعمال کرنے والوں اور سی ویو آنے والوں کو ہراساں کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے یہ ہدایات گزشتہ روز وزیراعلیٰ ہاؤس میں نیو ائر نائٹ کے حوالے سے سیکورٹی کیانتظامات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ اجلاس میں صوبائی سیکرٹری داخلہ قاضی کبیر، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکرٹری ساجد جمال ابڑو، کمشنر کراچی افتخار شہلوانی، ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ اور سی ٹی ڈی ڈاکٹر ولی اللہ دل، ڈی آئی جی ساؤتھ، ڈی آئی جی ایسٹ، ڈی آئی جی ویسٹ اور ایس ایس پی ساؤتھ شامل تھے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو بتایا گیا کہ سی ویو جانے والی تمام سڑکیں کنٹینر لگا کر بند کی جا رہی ہیں اور تمام سڑکوں اور گلیوں میں سخت چیکنگ کی جائے گی۔ اس پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ شہر کے لوگوں کو نیو ائر نائٹ پر مہذب اور اچھے طریقے سے تفریح کرنے کا کرنے کا پورا حق حاصل ہے۔انہوں نے کمشنر کراچی اور ڈی آ جی ساؤتھ کو ہدایت کی کہ سڑکوں کو بند نہ کریں تاکہ لوگ وہاں جاسکیں جہاں وہ جانا چاہتے ہیں مگر میں آپکو یہ ضرور کہوں گا کہ سیکورٹی کے سخت انتظامات کریں تاکہ کوئی بھی اسلحہ نہ لے جاسکے ، منشیات استعمال نہ کر سکے اور اسکے علاوہ ایک ٹائر پر بائیک یا بغیر سائلنسر کے موٹرسائیکل چلانے کو بھی روکا جائے کیونکہ اس سے دیگر آنے والے لوگوں کو مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے اسلحہ کی نمائش، الکحل یا منشیات کے استعمال کرنے اور دیگر لوگوں کیلیے مسائل پیدا کرنے والوں کو گرفتار کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہمارا شہر ہے اور ہم سب نے ملکر اسے پرامن بنانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے اپنے عمل سے ثابت کرنا ہے کہ ہم تعلیم یافتہ اور مہذب لوگ ہیں۔ مراد علی شاہ نے انتظامیہ کو یہ بھی ہدایت دی کہ وہ سی ویو کی جانب جانے والے متبادل روٹس بھی بتائیں تاکہ دو تلوار یا تین تلوار پر غیرضروری ٹریفک جام سے بچا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ اس کا مطلب آنے والوں کو ہراساں کرنا نہیں ہے۔ انہوں نے کمشنر کراچی اور پولیس سے کہا کہ وہ سی ویو کی جانب متبادل روٹس اسطرح سے بنائیں کہ کلفٹن اور سی ویو کے علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو کسی قسم کی تکلیف یا پریشانی نہ ہو انکی سہولت کو بھی مد نظر رکھا جائے۔ اجلاس میں واضح کیا گیاکہ ڈی ایچ اے اور کلفٹن کے علاقوں میں چند اسٹریٹ لائٹس صحیح نہیں ہیں اور بند ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کمشنر کراچی کو ہدایت دی کہ وہ ڈی ایچ اے اتھارٹیز کے ساتھ انکے علاقوں میں موجود لائٹس کو ٹھیک کرنے کیلیے بات کریں اور اسی طرح کی ہدایات انہوں نے کے ایم سی اور دیگر متعلقہ اتھارٹیز کیلیے بھی دیں۔ انہوں نے کمشنر کراچی کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ ڈی ایچ اے اور کلفٹن کے علاقوں میں سی سی ٹی وی کیمروں کا بھی معائنہ کرائیں اور جو صحیح نہ ہوں انکی مرمت کرائی جائے۔ ٹریفک پولیس کو بھی جامع اور موثر ٹریفک مینجمنٹ پلان تیار کرنے کی ہدایت کی گئی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ وہ ہر پیر کے دن شہر کے مجموعی امن وامان کا جائزہ لینگے تاکہ اسکو بہتر طریقے سے برقرار رکھا جاسکے۔