کراچی(پ ر)ملک میں عطیہ خون کے رجحان کو فروغ دینے کے لیے عمیر ثنا فاؤنڈیشن کے تحت‘‘ سلام ڈونر کانفرنس” منعقد کی گئی جس سے ڈی آئی جی ایسٹ عامر فاروقی، عمیر ثنا فاؤنڈیشن کے صدر ڈاکٹر کاشف انصاری ،سیکرٹری ڈاکٹر ثاقب انصاری،ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسزکے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر فرخ شجاع،کراچی یونیورسٹی کے ڈیپارٹمنٹ آف مائیکرو بیالوجی کی ڈاکٹر نصرت جبین، ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، معروف کرکٹر خرم منظور ،معروف اینکر یحییٰ حسینی، میزان بینک کے صدر فیاض الرحمن، ای ایف یو لائف کی ایولن ابروجینا،عمیر ثنا فاؤنڈیشن کے اصغر حسین،لیزا مہدی اور دیگر نے خطاب کیا۔ شرکا نے ملک میں عطیہ خون کے رجحان کو فروغ دینے کے لیے چلائی جانے والی مہم کی تعریف کی اور اسے عمیر ثنا فاؤنڈیشن کا ایک مثبت قدم قرار دیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی آئی جی ایسٹ عامر فاروقی نے کہاکہ خون کی مہلک بیماریوں سے بچنے اور اس کی روک تھام کے لیے معاشرے میں خون کا عطیہ دینے کے ساتھ ساتھ عطیہ خون کے حوالے سے آگاہی مہم چلانے کی ضرورت ہے ، صوبے میں چند ہی ادارے ایسے ہیں جو بون میرو ٹرانسپلانٹیشن پر کام کرتے ہیں، بون میرو ٹرانسپلانٹیشن ادارے قائم کر نے کی ضرورت ہے، بون میرو اور خون کا عطیہ کرنے سے صحت کو کوئی نقصان نہیں پہنچتا، عامر فاروقی نے کہا کہ عمیر ثنا فاؤنڈیشن خون کی بیماریوں پر قابو پانے اور خون کی مہلک بیماریوں میں مبتلا مریضوں کا علاج و معالجے میں اہم کردار اداکر رہی ہے، خون کا عطیہ کے حوالے سے آگاہی پروگرام میں عمیر ثنافاؤنڈیشن کے ساتھ بھر پور تعاون کریں گے ، ملک میں خون سے متعلق مہلک بیماریوں پر قابو پانے کے لیے خون کا عطیہ دینے اور اس حوالے سے آگاہی مہم چلانے کی اشد ضرورت ہے ، ڈاکٹر کاشف حسین نے عمیر ثنا فاؤنڈیشن کی کار کردگی اور اہداف کے بارے میں آگاہ کیا ، انہوں نے کہا کہ خون کی بیماریوں سے نجات دلانے کے لیے اس فاؤنڈیشن کی بنیاد رکھی گئی تھی، جس کا کام خون کی بیماریوں کی روک تھام، آگاہی اور علاج کرنا ہے، اس پروگرام میں بحالی اور روک تھام کرنے کے اقدامات کی ضرورت ہے، پروگرام کی تھیم نئے سال کی قرار داد خون کا عطیہ کر نار کھنے کا سوچا ہے ، انہوں نے کہا کہ 2009ء سے 2018 تک فاؤنڈیشن نے 10520 مختلف اداروں کے تعاون سے خون کی بوتلیں جمع کیں۔ اس موقع پر موجود لیزا مہدی نے کہا کہ خون کا عطیہ کرنے سے کینسر کے خطرات ختم ہوتے ہیں، 10 ہزار خون کے عطیات کی ضرورت کو جلد پورا کر نے کی کوشش کرینگے ، ڈا کٹر ثاقب انصاری نے کہا ہے کہ ہمیں اس پروگرام میں آئی جی سندھ اور ڈی آئی جی ایسٹ کا بھر پور تعاون حاصل ہے، پروگرام کا مقصد سال 2019 ء میں زیادہ سے زیادہ خون کا عطیہ دینے والوں کی تعداد کو بڑھانا اور خون کا عطیہ دینے کا پیغام عام کرنا ہے۔