کراچی(اسٹاف رپورٹر)جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے کہاکہ نیو ائر نائٹ کے پروگراموں پر پابندی عائد کی جائے ،غیر شرعی اور حیا باختہ کلچر کو عام کرنا اللہ کے عذاب کو دعوت ہے ،نوجوان گریزکریں ، نئے سال کاآغاز رقص وسرور کے بجائے ملکی استحکام وترقی کی دعاؤں سے کریں ، افسوس ہماری نوجوان نسل کو اسلامی سال کا معلوم نہیں اور مغرب کی اندھی تقلید میں نئے سال کا جشن منانے کو برا نہیں سمجھتے،نئے سال کے آغاز میں رقص وسرودکے محافل اور ہلے گلے کے بجائے ملکی استحکام وترقی کیلیے دعائیں کی جائے ۔اتوار کو جامعہ بنوریہ عالمیہ سے جاری بیان میں مفتی محمد نعیم نے کہاکہ نیوائیرنائٹ کا تصور1980ء سے پہلے یورپ تک محدود تھا 1992 ء میں کراچی کے ایک ہوٹل میں پہلی بار نیو ائر نائٹ مناکر اس نئے سال کی آمد کا جشن منانے کے مغربی کلچر کو ملک میں لایا گیا‘ سابق ڈکٹیٹر پرویز مشرف نے بیک ڈور سرکاری سرپرستی کے ذریعے روشن خیالی کا نعرہ لگاکر پورے ملک میں پھیلایا۔