کراچی(اسٹاف رپورٹر) شہر میں مختلف ٹریفک حادثات میں 3 افراد جاں بحق 5 زخمی ہوگئے ،زخمیوں میں ایک خاتون شامل ہے ،تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ناظم آباد انڈر پاس کے قریب تیز رفتار ٹریلر نے موٹرسائیکل سوار کو کچل ڈالا، حادثے میں موٹرسائیکل سوار شدید زخمی ہوا جس کی شناخت وقاص کے نام سے ہوئی جبکہ حادثے میں ایک خاتون بھی معمولی زخمی ہوئی۔پولیس نے موقع پر پہنچ کر حادثے کے ذمے دار ٹریلر ڈرائیور کو حراست میں لیکر تھانے منتقل کر دیا۔دوسری جانب نیو سبزی منڈی میں کوچ اور رکشے میں تصادم سے دو افراد زندگی کی بازی ہار گئے، بھینس کالونی میں گاڑی اور موٹرسائیکل کی ٹکر سے ایک شخص جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔ملیر کالا بورڈ کے قریب بس کی ٹکر سے خاتون سمیت چار افراد زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔