کراچی ( اسٹاف رپورٹر)مزدور تنظیمو ں اور ٹریڈ یونین رہنماؤں کرامت علی ، ڈاکٹر ریاض احمد شیخ ودیگر نے کہا ہے کہ عوام زندگی کی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں ،تعلیمی اداروں میں بھی جبر کی فضا قائم ہے اور وفاقا کو دوبارہ ون یونٹ میں تبدیل کرنے کی مکروہ سازشیں کی جاری ہیں ۔یہ صورتحال جلد یا بدیر ایک بڑی عوامی مزاحمتی تحریک کو جنم دے گی جو سرمائے کے جبر ،سامراجیت اور آمریت کے قلعوں کو بہا لے جائے گی ۔جمہوری آوازوں کو دبا یا جارہا ہے جو نئی تباہی کا پیش خیمہ ہے۔ صحافیوں پر پابندیوں کا سلسلہ جا ری ہے اور غیر اعلانیہ سنسر شپ نافذ ہے ،ٹریڈ یونینز کو منظم طریقے سے ختم کیا جا رہا ہے ۔ان خیالات کا اظہار مقررین نے نیشنل ٹریڈ یونین فیڈریشن کے زیر اہتمام کراچی میں فیڈریشن آفس میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر عثمان بلوچ ، کرامت علی، ذوالفقار علی بھٹو ، ڈاکٹر ریاض احمد شیخ ، ناصر منصور ، مرکزی صدر ،رفیق بلوچ اور مشتاق علی شان نے خطاب کیا۔