کراچی (اسٹاف رپورٹر) سال نو پر دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام ،پولیس نے پرانی سبزی منڈی سکھیا گراؤنڈ میں کارروائی کرکے 3روسی ساختہ دستی بم اور بارود سے بھری موٹر سائیکل برآمد کرلی ،7مشتبہ افراد کو گرفتار ۔منشیات اڈے پر کارروائی کے دوران دہشت گرد پولیس پردستی بم پھینک کر اور فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے ہوگئے۔ واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے علاقے میں سرچ آپریشن کیا۔پولیس کے مطابق موٹرسائیکل گزشتہ شام 4 بجے چوری ہوئی تھی اور موٹر سائیکل کامالک شاد ڈیفنس کے ایک ریسورنٹ میں کام کرتاہے ، نے ہفتے کو 7:30 بجے پی آئی بی تھانے میں رپورٹ درج کرادی تھی ۔ڈی آئی جی عامر فاروقی کے مطابق بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بم ناکارہ بنا دیا ۔ بارود سے بھری موٹر سائیکل نیو ائر پر استعمال کی جانی تھی۔ تفتیشی حکام کے مطابق موٹر سائیکل کے ساتھ بوتل میں آدھا لیٹر پیٹرول ڈال کر ٹنکی کے نیچے لٹکا دی تھی جب کہ ڈیٹونیٹر اور ایک دستی بم بھی موٹرسائیکل کے ساتھ لگایا گیا تھا۔ بم ٹینکی میں تیار کیا گیا تھا، جس میں8 سے 10 کلو گرام بارودی مواد اور کیلیں بھی استعمال کی گئیں ہیں موٹر سائیکل میں ریموٹ کنٹرول ڈیوائس نصب تھی۔ تفتیشی حکام کے مطابق موقع سے 3 دستی بم بھی ملے تھے۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق موٹر سائیکل تیار کرنے والے گروہ کا تعلق مفتی شاکر گروپ سے لگتا ہے، جو چودھری اسلم اور انسپکٹر شفیق تنولی پر خودکش حملوں میں ملوث تھا۔ آئی جی سندھ ڈاکٹرسید کلیم امام نے کارروائی پر ڈی آئی جی ایسٹ ایس ایس پی ایسٹ بم ڈسپوزل اسکواڈ اور دیگر تمام ٹیمز کی کارکردگی کو شاباش دی ہے اورایک ایک لاکھ روپے نقد انعام اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔