لاہور(آئی این پی)پاکستان مسلم لیگ ن لاہور کے زیر اہتمام مسلم لیگ کا112واں یوم تاسیس منایا گیا، یوم تاسیس کی تقریب لاہور (ن )لیگ کے صدر و رکن قومی اسمبلی محمد پرویز ملک کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں ن لیگی ارکان اسمبلی سمیت ہزاروں کارکنوں نے بھی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد پرویز ملک ،شائستہ پرویز ملک اور ڈاکٹر اسد اشرف نے کہا کہ جس طرح پاکستان مسلم لیگ نے پاکستان بنانے میں کردار ادا کیا تھا اسی طرح اس کی تعمیر وترقی میں بھی پاکستان مسلم لیگ ن ہی نے اہم کردار ادا کیا اور کرتی رہے گی، انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کے بعد واحد لیڈر میاں نواز شریف ہی ہیں جنہوں نے قائد کی خواہش کے مطابق پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا، اور ایک مضبوط پاکستان کی بنیاد رکھی ،اپنے ذاتی مفادات کو قربان کرتے ہوئے ملکی ترقی کے لیے قربانیاں دیں جیلوں میں گئے ۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف اور شہباز شریف کے خلاف جھوٹے مقدمات بنا کر زیادتی کی گئی ،میاں نواز شریف نے ملک سے اندھیروں کو دور کیا 12ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کی ،ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا 3شہروں میں میٹرو بسز تعمیر کیں،میٹرو اورنج ٹرین بھی بنائی۔انہوں نے کہا کہ ہم سب میاں نواز شریف کی آواز پر سڑکوں پر نکلیں گے ، الائنس بھی بنانے پڑے تو بنائیں گے قائد کی آواز پر لبیک کہیں گے ،اپنے بچوں کے مستقبل اور ملکی ترقی کے لیے کردار ادا کریں گے،انہوں نے کہا کہ نواز شریف جیسا لیڈر پاکستان میں نہیں ہے،جب بھی ملک ترقی کی طرف بڑھتا ہے تو ٹانگیں کھنچنی شروع کردی جاتی ہیں۔