پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی رپورٹ جعلی اور جھوٹی ہے، آصف زرداری ایک اشارہ دیں، ہم حکومت کو ایک ہفتے میں گرا سکتے ہیں اور ان کو جیل میں بھی بھیج سکتے ہیں۔
سابق رکن قومی اسمبلی اورمتحدہ قومی موومنٹ کےمقتول رہنما علی رضا عابدی کے گھر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ علی رضا عابدی نوجوان سیاستدان تھے ان کی کمی محسوس ہو رہی ہے، ان کا قتل کراچی کیلئے بڑا نقصان ہے، ان کا قتل بہت افسوسناک ہے، اس طرح کے واقعات کی روک تھام ہونی چاہیے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال سے متعلق وزیراعلیٰ سندھ سے بات کروں گا، کراچی کو اس وقت مثبت سیاستدانوں کی بہت ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے میں ایک حکومتی رہنما گھنٹوں بیٹھا رہا، جے آئی ٹی رپورٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ ایک جعلی اور جھوٹی رپورٹ ہے، عدالت میں کیس بھرپور انداز سے لڑیں گے، ہم ماضی میں بھی ایسے مراحل سے گزرے ہیں اپنے خلاف ہر سازش ناکام بنا دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آصف زرداری گیارہ سال جیل میں رہے، اور پھر باعزت بری ہوئے،جو نہیں چاہتے کہ سندھ میں ترقی ہو وہ وزیر اعلیٰ سندھ کی تبدیلی چاہتے ہیں،وہ اپنی کوششوں میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری اجازت دیں تو ہم ان کی حکومت سیکنڈ میں گرا سکتے ہیں، حکومت کی برتری صرف 6سیٹوں کی ہے۔