اسلام آباد /لاہور (خبر ایجنسیاں) مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ طاہر القادری لاشوں پر سیاست کررہے ہیں ، آل پارٹیز کانفرنس کا ایجنڈا بھی سیاسی تھا، طاہر القادری کی اے پی سی میں شامل جماعتیں نواز شریف سے خوفزدہ ہیں۔ وزیر قانون پنجاب رانا ثنااللہ نے آل پارٹیز کانفرنس پر ردعمل میں کہا ہے کہ طاہر القادری کی آل پارٹیز کانفرنس میں شامل جماعتیں نواز شریف سے خوفزدہ ہیں۔عوامی تحریک کی کل جماعتی کانفرنس کا مقصد سانحہ ماڈل ٹاؤن کو بنیاد بنا کر ن لیگ کی سیاست کو ختم کرنا ہے، جبکہ اے پی سی میں بیٹھے لوگوں کے خود آپس میں اختلافات ہیں۔ رانا ثنا نے کہا کہ عوامی تحریک کے سربراہ طاہرالقادری لاشوں پر سیاست کر رہے ہیں اور آل پارٹیز کانفرنس ان کا سیاسی ایجنڈا تھا۔دوسری جانب ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ ماڈل ٹاؤن کا مقدمہ جن پر ہوا وہ جیل میں ہیں شہباز شریف کو باقر نجفی کی رپورٹ میں ذمے دار ٹھرایا نہیں گیا تو استعفے کا مطالبہ کس لیے ہے۔ حکومت نے تمام چینل استعمال کیے گلریہ کسی کے اشاروؔ ں پر عمل پیرا ہیں۔ ملک میں جنگل کا قانون نہیں حکومت قانونی و آئینی طریقے سے مقابلہ کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ جس نے قتل کیا قصاص بھی اسی سے لیا جانا ہے۔ باقر نجفی کی رپورٹ میں لکھا ہے کہ شہباز شریف واقعہ میں ملوث نہیں ہے شہباز شریف ذمے دار ہیں تو ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائیں۔ کس بنیاد پر شہباز شریف کو ذمے دار قرار دیا جارہا ہے۔ ماڈل ٹاؤن میںؔ ہونے والا واقعہ افسوس ناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن عام معاملات قانونی اور آئینی طریقے سے نمٹے گی۔ادھر وفاقی وزیر نجکاری دانیال عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان عوامی تحریک اور اس کی اتحادی سیاسی جماعتیں اپنے سیاسی اور ذاتی مقاصد کے حصول کے لیے ماڈل ٹاؤن سانحہ پر سیاست کررہی ہیں۔ حکومت نے ماڈل ٹاؤن سانحہ پر پی اے ٹی کے ساتھ مکمل تعاون اور تحقیقات کے لیے کمیشن قائم کیا۔ پی اے ٹی کے مطالبے پر ہم نے ماڈل ٹاؤن رپورٹ کو اوپن کیا لیکن اس میں پنجاب حکومت کے خلاف کچھ بھی ثابت نہ ہو سکا۔دانیال عزیز نے کہا کہ سابق صدر آصف زرداری سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے لیے ماڈل ٹاؤن سانحہ پر سیاست کر رہے ہیں۔