اسلام آباد(صباح نیوز)بھارت نے آبی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک اور ڈیم بناکر پاکستان کا پانی روکنے کی تیاری شروع کردی ہے۔ بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں دریائے اجھ پر پانی ذخیرہ کرنے کے ایک بڑے منصوبے کی تیاری شروع کردی ہے۔ بھارت کے سینٹرل واٹر کمیشن نے مقبوضہ کشمیر کے ضلع کٹھوعہ میں دریائے اجھ پر ڈیم تعمیر کرنے کی تفصیلی رپورٹ جموں و کشمیر حکومت کے پاس جمع کرادی ہے۔ رپورٹ منظور ہوتے ہی فوری طور پر اجھ ڈیم کی تعمیر شروع کردی جائے گی۔بھارتی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق اجھ ڈیم ساڑھے 6 لاکھ ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش کا حامل منصوبہ ہوگا جس کے ذریعے بھارت پانی کا رخ موڑ کر اپنی 30 ہزار ایکڑ اراضی کو سیراب کرے گا۔ دریائے اجھ دریائے راوی کی ایک شاخ ہے جو کٹھوعہ سے پاکستان میں داخل ہوتی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس آبی منصوبے کا مقصد پاکستان کو سبق سکھانا ہے۔ رپورٹ میں ہرزا سرائی کرتے ہوئے کہا کہ جب تک پاکستان دہشتگردی کرتا رہے گا اس کے ساتھ پانی کے معاملے میں کوئی رعایت نہیں کی جائے گی۔ اور پاکستان کی طرف بہنے والے دریاؤں کا پانی روک کر اسے بھارت میں ہی استعمال کیا جائے گا۔2016 میں انتہا پسند جماعت بی جے پی سے تعلق رکھنے والے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بین الوزارتی ٹاسک فورسز بنائی تھی جسے سندھ طاس معاہدے کا جائزہ لینے اور پاکستان کی طرف بہنے والے پانی کو زیادہ سے زیادہ استعمال کرنے کا کام سونپا گیا ہے ۔