کراچی (اسٹا ف رپورٹر) کراچی پریس کلب کے سالانہ انتخابات میں دی ڈیمو کریٹس نے 12 میں سے 11نشستوں پر کا میا بی حا صل کر لی۔ڈیمو کریٹس پینل نے مسلسل8ویں بار کامیابی کی روایت کو برقرار رکھا۔ کراچی پریس کلب کے سالانہ انتخابات برائے سال2018 ء میں ’’دی ڈیمو کریٹس پینل‘‘نے صد ر کی نشست کے علا وہ تما م نشستوں پر واضح کامیابی حاصل کی ۔ ہفتے کو سالانہ انتخابات کے لیے پولنگ صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہی۔ دی ڈیموکریٹس ، دی پینل اور دیگر ارکان نے آزاد حیثیت سے انتخا بات میں حصہ لیا۔965 ارکان ووٹ ڈالنے کے اہل قرار دیے گئے تھے،جس میں سے 672 ارکان نے حق رائے دہی میں حصہ لیا۔انتخابات میں الیکٹرؤنک سسٹم کے ذریعے رائے شماری کرائی گئی۔ چیف الیکشن کمشنرکے جاری کر دہ نتائج کے مطابق دی پینل کے صدارتی امیدوار احمد خان ملک 346ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ ان کے مدمقابل ڈیمو کریٹس پینل کے سراج احمد نے 299ووٹ حاصل کیے۔ جنرل سیکر ٹری کی نشست کے لیے دی ڈیموکریٹس کے مقصود احمدیو سفی 471 ووٹ، نائب صدر کے امیدوار سید منہا ج الرب نے 409ووٹ،خزانچی کے عہدے پرمو سی کلیم نے 519ووٹ اورجوائنٹ سیکرٹری کے عہدے پر نعمت خان نے 423ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی جب کہ دی ڈیمو کریٹس نے گورننگ باڈی کی تمام 7 نشستو ں پر کلین سوئپ کیا۔ چیف الیکشن کمشنر کے حتمی نتائج کے مطابق دی ڈیمو کریٹس پینل کے شمس کیریو نے452ووٹ،شا زیہ حسن 437ووٹ،سعید سربا زی424ووٹ،ابو الحسن 418ووٹ،عا رف حسین ہاشمی408ووٹ، کفیل الدین فیضان 398 ووٹ اور نعیم اکبر سہوترہ 350ووٹ لے کر گوررننگ باڈی کی نشستوں پر کامیاب ہوئے۔واضح رہے کہ کراچی پریس کلب کے 1958ء میں اپنے قیام سے اب تک یہاں ہر سال باقاعدگی سے انتخابات منعقد ہوتے ہیں۔