لاہور (صباح نیوز) حکومت پنجاب صوبہ پنجاب کو دیگر صوبوں کے لیے رول ماڈل بنانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، اس سلسلے میں ترکی کے تجربات اور ماڈل سے فائدہ اٹھانے کا مصمم پلان تیار کیا گیا ہے، اس پر عملی جامع پہنانے کے لیے ترک صدر کے نمائندہ خصوصی اسماعیل حقی اور ترک قونصل جنرل سردار دینیس کی سربراہی میں مختلف معاہدوں کے لیے 12 رکنی وفد ایوان وزیر اعلیٰ پنجاب پہنچا۔ صوبائی وزیر بلدیات محمد منشاء اللہ بٹ، مشیر وزیر اعلیٰ پنجا ب خواجہ احمد حسان، لارڈ میئر لاہور کرنل مبشر جاوید، وائس چیئرمین واسا چودھری شہباز، ڈی جی پی ایچ اے میاں شکیل احمد، ایم ڈ ی واسا سید زاہد عزیز، چیف انجینئر ٹیپا سیف الرحمان اور دیگر محکموں کے افسران نے وفدکا استقبا ل کیا۔ دونوں ملکوں کے مابین وفد نے پنجاب میں پینے کے صاف پانی، پارکس اینڈ ہارٹی کلچر کو مزید بہتر انداز میں ڈھالنے سے متعلق مفاہمتی یاد داشت پر دستخط کیے۔ اسکی”ISKI” ترک کمپنی اور واسا کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے۔ ترکی کی طرف سے سلامی تاثیر اور حکومت پنجاب کی طرف سیکرٹری ہاؤسنگ آغا نے دستخط کیے۔ دوسرا معاہدہ پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی اور استنبول پارکس اینڈ ہارٹی کلچر کے درمیان ہوا۔ جس میں حکومت پنجاب کی طرف سے ا یڈیشنل ڈی جی ناہید گل بلوچ اور ترکی کی طرف سے چیف پارکس اینڈ ہارٹی کلچراستنبول میٹرو پولیٹن میونسپلٹی فاطمہ کہان نے مفاہمتی یاد داشت پر دستخط کیے۔ اس موقع پر ترک صدر کے نمائندہ خصوصی اسماعیل حقی اور ترک قونصل جنرل سردار دینیس نے اپنے خطاب میں کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان پائیدار دوستی آسمان کی بلندیوں کو چھو رہی ہے۔ ہماری بے مثال دوستی مستقبل میں دنیا بھر میں رول ماڈل کے طور پر پہچانی جائے گی۔ دونوں ممالک ہر سطح پر ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہوتے رہیں گے۔